کووڈ19: سرینگر میں 3 مئی تک بندشیں عائد رہیں گی

سرینگر// کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے نتیجے میں پیدا صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے پہلے ہی جاری احکامات کے تناظر میں لاک ڈاون کو 3 مئی تک جاری رکھنے کے احکامات دئیے ہیں۔
کرمنل پینل کوڈ کی دفعہ 144 کے تحت جاری احکامات کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا کہ ضلع میں 3 مئی تک لوگوں کے چلنے پھرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ ضلع میں کسی بھی دیگر سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے موجودہ بندشیں صورتحال میں بہتری آنے تک جاری رہیں گے۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے 15اپریل کو جاری آڈر میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کچھ علاقوں میں 20 اپریل کے بعد نرمی دی جاسکتی ہے ۔
حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کووِڈ ۔19کے خلاف پہلے محاذ پر کام کرنے والے اَفراد کو نقل و حمل کے لئے ضروری پاس دئیے جاچکے ہیں۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ نقل و حمل کے لئے جاری پاسز کی مدت 3 مئی تک بڑھا دی گئی ہے ۔
اِس سلسلے میں جاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 188 اور این ڈی ایم اے کی دفعہ 51کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔