کووڈ کرفیون میں نرمی کا دوسرا دن،بازاروں میں چہل پہل رہی

پونچھ//ضلع پونچھ کے بازاروں میں کورونا کرفیو میں دی گئی نرمی کے دوسرے روز شرائط کے ساتھ بازار دوبارہ کھول دیئے گئے۔کشمیر عظمی کے ساتھ بات کرتے ہوئے ضلع گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھاان سردار نریندر سنگھ نے کہا کہ شہر کے موجودہ حالات میں کاروبار سے زیادہ اہم زندگی ہے اور زندگی باقی رہی تو دوبارہ کاروبار کر سکتے ہیں لیکن کاروبار کے سبب زندگی ختم ہوجائے گی تو ایسے کاروبار سے کیا حاصل۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ کا شکریہ ادا کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے بروقت لاک ڈاون لگا کر لوگوں کو کورونا وائرس سے تحفظ فراہم کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ بازار کھول دئیے گئے ہیں اس کے بعد اس بازار میں تجارتی اداروں کے ذمہ داری ہے کہ وہ کوڈ 19کے راہنما خطوط کی مکمل پابندی کریں۔تاجروں نے بھی انتظامیہ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب صفائی کے علاوہ ماسک کا خصوصی خیال رکھا جائے گا تاکہ بازاروں میں موجود افراد کو محفوظ کرنے کے علاوہ ملازمین کو راحت کے ساتھ خدمات کی انجام دہی کا ماحول فراہم کیا جائے۔بازاروں کے کھول دیئے جانے کے دوسرے دن بازار میں ہجوم دیکھا گیا کئی مقامات پراحتیاطی تدابیر کی دھجیاں اڑائی گئی۔