پورے ملک میں تقسیم کاری نیٹ ورک موجود، زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑیگا: مودی
نئی دہلی//وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین اگلے کچھ ہفتوں میں تیار ہوجائے گی اور اس کے تیار ہونے کے بعد ملک میںٹیکہ کاری کا کام شروع ہوجائے گا۔ مودی نے کہا کہ کورونا ویکسین کی قیمت کا تعین عوامی صحت کی ترجیحات تسلیم کرکے ریاستوں کے ساتھ غور و خوض کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ مودی نے سبھی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ملک میں کورونا وبا سے پیدا صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے طلب کی گئی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ ماہرین اور سائنس دانوں سے ہوئی بات چیت کی بنیاد پر یہ کہا جارہا ہے کہ ملک میں آئندہ کچھ ہفتوں میں کورونا کی ویکسین تیار ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک اور سوال سب کی ذہنوں میں ہے کہ ویکسین کی قیمت کیا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی قیمت کا تعین عوامی صحت کو اولین ترجیح سمجھتے ہوئے کیا جائے گا۔ اس کیلئے مرکزی حکومت ریاستوں کے ساتھ بات کررہی ہے اور ان کی صلاح کو بھی ان میں ترجیح دی جائے گی۔
مودی نے کہا کہ انہوں نے خود ہی ویکسین بنانے والے سائنسدانوں کی ٹیم سے بات کی ہے اور سائنسی کامیابی کے سلسلے میں بہت پراعتماد ہیں۔ سستی اور محفوظ ویکسین کے معاملے میں پوری دنیا ہندوستان پر نظر لگائے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب لوگ تیار بیٹھے ہیں، اس طرح کے تقریبا آٹھ ممکنہ ویکسین ہیں جو آزمائش کے مختلف مراحل میں ہیں اور انہیں ہندوستان میں تیار کرنا ہے ۔ہندوستان کی اپنی 3 مختلف ویکسینوں کی آزمائش مختلف مراحل میں ہے ۔ ماہرین یہ مان رہے ہیں کہ اب کورونا ویکسین کا زیادہ انتظار نہیں ہوگا، ممکن ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں کورونا ویکسین تیار ہوجائے گی،جیسے ہی سائنسدانوں کی طرف سے ہری جھنڈی ملے گی ہندوستان میں ویکسینیشن کی مہم شروع کردی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت اس کے بارے میں ریاستی حکومتوں کی طرف سے موصول تجاویز کی بنیاد پر کام کر رہی ہے ۔ ویکسینیشن کیلئے سب سے پہلی ترجیح کورونا مریضوں کے علاج کررہے فرنٹ لائن کے کارکنوں اور پہلے سے سنگین بیماریوں میں مبتلا بزرگ افراد اورہیلتھ کارکنوں کو ترجیح دی جائے گی۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی ٹیمیں بھی مل کر اس کی تقسیم پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کے پاس بھی دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت ویکسین کی تقسیم اوراہلیت بہت بہتر ہے ۔ ملک میں ویکسینیشن کیلئے ایک بہت بڑا اور تجربہ کار نیٹ ورک ہے ۔ مودی نے بتایاکہ کولڈ اسٹوریج اور دیگر سازوسامان کی ضروریات کے علاوہ ریاستی حکومتوں کی مدد سے بھی اس کا اندازہ کیا جارہا ہے ۔ کولڈ اسٹور ہاؤس چین کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ایک ساتھ کام کیا جارہا ہے ۔ مودی نے بتایا کہ ہندوستان نے ایک خصوصی سافٹ ویئر کوون بھی تیار کیا ہے جس میں کورونا ویکسین کے فائدہ اٹھانے والوں ، ویکسین کے دستیاب اسٹاک اور اسٹوریج سے متعلق ’ریئل ٹائم‘ کی جانکاری ہوگی۔ کورونا ویکسین سے متعلق تحقیق کرنے کیلئے ملک میں ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تھی، ساتھ ہی ویکسین سے متعلق مہم کی ذمہ داری قومی ماہرین کے ایک گروپ کو دی گئی ہے ۔ اس میں تکنیکی ماہرین ، مرکزی حکومت سے متعلق وزارتوں اور محکموں کے عہدیدار اور ہر زون کے مطابق ریاستی حکومتوں کے نمائندے ہیں۔
یہ گروپ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے ۔ نیشنل اور مقامی ہر ضرورت کے مطابق اجتماعی طور پر فیصلے کریں گے ۔وزیر اعظم نے بتایا کہ ‘‘یہ سوال فطری ہے کہ ویکسین کی قیمت کتنی ہوگی۔ مرکزی حکومت اس بارے میں ریاستی حکومتوں سے بات کر رہی ہے ۔ ویکسین کی قیمت کے بارے میں فیصلہ عوام کی صحت کو سب سے زیادہ ترجیح دیئے جانے کے ساتھ ہی کیا جائے گا اور ریاستی حکومتوں کی بھی اس میں بھرپور شراکت داری ہوگی۔