کووڈ لاک ڈائون کا دوسرا دن ،مکمل بندشوں کے نتیجے میں زندگی کاپہیہ جام

پونچھ+راجوری // جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح پونچھ اور راجوری اضلاع میں کورونا لاک ڈائون کے دوسرے روز بھی مکمل سناٹا چھایا رہا۔ بندشوں کے نتیجے میں زندگی کی رفتار متاثر رہی ۔پونچھ میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کاروائی عمل میں لائی۔واضح رہے کہ پورے ملک کی طرح جموں و کشمیر میں کوڈ 19کے معاملات میں لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔اس وابائی مرض کے پھیلائوں کی چین کو توڑنے کے لئے دیگر اضلاع کی طرح پونچھ ضلع میں بھی کورونا کرفیو لگایا گیا ہے ۔ پونچھ کے میونسپل ،شہری و بلدیاتی حدود میں 60گھنٹے کا کورونا کرفیوجمعہ کو شام7 بجے سے شروع ہوا جو پیر کو صبح 7 بجے تمام اختتام پذیر ہونا ہے۔ایتوارکو بھی پورے ضلع پونچھ میں ہرسو سناٹا،اضطرابی ماحول اور غیر یقینی کیفیت نظر آئی۔پونچھ قصبہ کے بازاروں اور سڑکوں پر بالکل سناٹا رہا اور دور دور تک ایک شخص بھی نظر نہیں آیا، صرف  پولیس کی گاڑیاں ہی دوڑتی ہوئی نظر آئیں،تحصیل منڈی، تحصیل سرنکوٹ اور تحصیل مینڈھر میں بھی ہر طرف مکمل طور پر سناٹا رہا اورہر طرح کی نقل و حرکت بند رہی۔اس دوران شہروں کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی کی گئی تھی اور جگہ جگہ خار دار تاریں بچھا کرے ٹریفک کی نقل و حمل کو بندکردیاگیا تھا۔اس دوران پولیس نے کرونا کرفیوں کی خلاف ورزی کی پاداش میں کئی افراد کے خلاف کاروائی کی۔راجوری ضلع میں بھی سڑکیں سنسان رہی جبکہ عام لوگوں کی نقل و حرکت پر بھی سخت بندشیں رہی ۔راجوری ضلع میں طبی شعبہ سے منسلک سٹوروں کو چھوڑ کر تمام تجارتی مراکز بند رہے جبکہ لوگ بھی گھروں میں ہی محصور رہے ۔ جموں وکشمیر پولیس نے ایک مرتبہ پھر تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کووڈ سے بچنے کے لئے ماسک و دیگر تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکے۔ ادھر ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید احمد چوہدری مسلسل لاؤڈ سپیکر کے ذریعے لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں تاکہ کورونا وائرس کے چین کو توڑا جا سکے۔ انھوں نے کہا ہے کہ عوام کو چاہئے کہ وہ عائد پابندی پر عمل کریں اور سخت ایمرجنسی کی صورت میں ہی گھروں سے باہر نکلیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ضلع میں کووڈ-19 کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ضلع میجسٹریٹ کی جانب سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔انتظامیہ نے بھی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کووڈ-19 کی وبا کی روک تھام کے لئے کرفیو پر عمل کریں اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ سب دویژن نوشہرہ میں بھی انتظامیہ کی جانب سے عائد کرہ بندشیں مسلسل جاری ہیں جبکہ اس دوران پولیس اہلکار مین سڑکوں کیساتھ ساتھ رابطہ سڑکوں پر بھی گشت کرتے رہے ۔پولیس اور سیول انتظامیہ نے عوام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ پُر ہجوم جگہوں پر نہ جائیں جبکہ کووڈ کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ زیادہ لوگ وائرس کے لپیٹ میں نہ آئیں ۔