وائرس کے پھیلائو کوروکنے کیلئے پولیس کا عوام سے تعاون طلب
سرینگر//لوگوں کو کورونا وائرس کی مہلک بیماری سے آگاہ کرنے کیلئے جموں کشمیر پولیس نے عوامی بیداری مہمیں،تبادلہ خیالات کے پروگرام ،ماسکوں کی تقسیم اورعوامی اعلانات اورکتابچوں کی تقسیم پورے کشمیرمیں شروع کی ہے۔کووِڈ- 19کے معاملات میں اضافہ کے تناظر میں پولیس نے وادی کشمیرمیں کوروناوائرس سے بچائوکے رہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والے دوافراد کو گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف دو ایف آئی آربھی درج کئے گئے ہیں۔اس دوران پولیس نے ان قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے 963افراد سے105440روپے کا جرمانہ بھی وصول کیا۔اس کے علاوہ کورونا معیاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والی چھ گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں ۔وادی کے تمام اضلاع میں کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مہم جاری ہے ۔ اس دوران بڈگام اور سوپور پولیس نے مساجد کے ائمہ ،مذہبی رہنمائوں اور اوقاف کمیٹیوں سے میٹنگیں کرکے مساجدمیں کورونا وائرس سے بچائو کے رہنماخطوط پر عمل درآمد کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔یہ میٹنگیں پولیس تھانہ بیروہ،ماگام، چاڈورہ، چرارشریف ،تارزواورپانزلہ میں منعقد ہوئیں اور ان کی صدارت متعلقہ تھانہ داروں نے کیں۔اس دوران کمینٹی ممبران سے گزارش کی گئی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کووِڈ-19کوپھیلنے سے روکا جائے ۔