کووِڈ – 19لاک ڈائون پرسخت عملدرآمد

خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی حکام کو ہدایت

شوپیان //وادی کے کئی اضلا ع میں سنیچروار کو ڈپٹی کمشنروں نے ضلع کے بازاروں کا معائنہ کرکے کووِڈ لاک ڈائون کی عملدرآمد کا جائزہ لیا اور منعقدہ میٹنگوں میںمتعلقہ حکام پرزوردیا کہ وہ کسی طور کووِڈ- 19سے بچائو کے رہنماخطوط کی خلاف ورزی کو برداشت نہ کرتے ہوئے خلاف ورزی کنندگان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ڈپٹی کمشنر شوپیان نے ایک میٹنگ کے دوران کووِڈ- 19پرقابو پانے کیلئے اقدامات کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنر نے محکموں کے سربراہوں اور متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوروناوائرس پرقابو پانے کیلئے موجودہ قواعد وضوابط پرسختی سے عمل کرائین اور کورونا کے شدت کے معاملوں کو ایس اوپیز کے سخت نفاذ سے قابوکرے۔ حکومتی گائیڈ لائینز کے مطابق منعقدہ میٹنگ میں فیصلہ لیاگیا کہ کوروناایس اوپیز پرعملدرآمد کوسختی سے لاگو کیا جائے گا اور سماجی فاصلوں اور ماسک کے استعمال پرسخت عملدرآمد کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں کووِڈ معاملوں میں اُچھال پر تشویش کااظہار کیااور متعلقین سے کہا کہ وہ کورونا پروٹوکولزپرعملدرآمد میں کوئی نرمی نہ دکھائیں۔ انہوں نے تحصیلداروں اور نائب تحصیلداروں پر زوردیا کہ وہ ٹیکہ کاری مہم کی نگرانی کریں ۔ڈپٹی کمشنر نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹیکہ کاری میں حصہ لیں ۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے سنیچروار کو ضلع پولیس سربراہ محمدزاہد کے ہمراہ ضلع کا تفصیلی دورہ کیااورضلع میں کووِڈ لاک ڈائون کی عملدرآمد کاجائزہ لینے کے علاوہ ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں دستیاب سہولیات کاجائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ لاک ڈائون کے دوران لوگوں کو بلاخلل ضروریات زندگی کی فراہمی کویقینی بنائیں۔انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ کنٹینمنٹ زونوں سمیت پورے ضلع میں رسد،ادویات کے علاوہ بجلی اور پینے کے پانی کودستیاب رکھیں۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا کہ وہ مریضوں،صحت عامہ کے اہلکاروں اور دیگر سرکاری ملازمین کو بلاخلل جانے کا راستہ دیں ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے بچائو کے رہنماخطوط پر من وعن عمل کریں اورمتنبہ کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔مابعد ضلع کمشنر نے ضلع اسپتال کا دورہ کیااوروہاں نئے نصب شدہ آکسیجن پلانٹ کے کام کاج کا معائنہ کیا ۔انہوں نے ماہرین پرزوردیا کہ وہ اسپتال کے وارڈوں میں اکسیجن سپلائی کودستیاب رکھیں اورکہا کہ اکسیجن پلانٹ کی صلاحیت اسپتال وارڈوں کے علاوہ کورونا مریضوں کیلئے مخصوص 25وارڈوں کیلئے کافی ہے ۔ضلع مجسٹریٹ کپوارہ امام الدین نے سنیچروار کو کپوارہ قصبے کے بازاروں کا معائنہ کیا اور کووِڈ لاک ڈائون کے نفاذ کی عمل آوری کاجائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاک ڈائون کو سختی سے  مفادعامہ میں نافذ کیا گیا ہے تاکہ کورونا کی زنجیر کوتوڑا جائے اور وائرس کے پھیلنے پر قابو پایا جائے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پولیس ٹیموں کو مجسٹریٹوں کے ساتھ ضلع میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ لاک ڈائون پرسختی سے عمل درآمد کیا جائے ۔انہوں نے عام لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غیرضروری طور گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نذیراحمد لون بھی تھے۔