کووِڈ سے بچائو کے رہنماخطوط پرسختی سے عمل کیا جائے

 اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کھنہ بل میں اننت ناگ اور کُلگام اضلاع کے مذہبی رہنماؤں ، افسران ، پی آر آئی /یو ایل بی کے ممبروں ، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنوں کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کووڈ وباء سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ مشیر موصوف نے افسران پر زور دیا کہ وہ کووڈ ایس او پیز کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کریں جبکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات جیسے کھانے ، پانی ، دوائی وغیرہ کی سہولیات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں پنچائت راج اداروں ، شہری لوکل باڈیز ممبران ، مقامی اوقاف کمیٹیوں اور مذہبی رہنماؤں کی زیادہ سے زیادہ اور فعال شمولیت پر زور دیا ۔ مشیر خان نے سینئر افسران کی سربراہی میں ضلعی ، سب ڈویژن اور بلاک سطح پر کنٹرول روم بنانے کی ہدایت دی تا کہ عوامی شکایات کے علاوہ طبی ہنگامی صورتحال کو بھی وقت پر حل کیا جا سکے ۔ مشیر موصوف نے صحت کے انفراسٹریکچر کو بڑھانے اور ان کے جائیزے پر زور دیا اس کے علاوہ کسی بھی طبی تغیر سے نمٹنے کیلئے عملی لائحہ عمل تیار کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے دونوں ڈپٹی کمشنران سے کہا کہ وہ انفراسٹریکچر ، آکسیجن کی دستیابی ، بستر وںکی گنجائش  ، وینٹی لیٹر کی سہولیات پر نظر بنائے رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئے آکسیجن پلانٹوں کی فوری آزمائش کی جائے اور اگلے دو سے تین دن میں ان پلانٹوں کو چالو کیا جائے ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنرز اننت ناگ اور کلگام ڈاکٹر پیوش سنگلا اور ڈاکٹر بلال محی الدین نے بالترتیب مشیر کو ان کی کووڈ منیجمنٹ کی کاوشوں کے علاوہ اب تک کی کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ بصیر خان نے پی آر آئی /یو ایل بی کے ممبروں ، تاجروں ، ٹرانسپورٹروں اور مذہبی رہنماؤں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کووڈ وباء سے موثر طور سے نمٹنے کیلئے فعال تعاون کی اپیل کی ۔ ڈی ڈی سی چئیر مین اننت ناگ ، ڈی ڈی سی وائس چئیر پرسن کلگام ، ڈائریکٹرز آر ڈی ڈی اینڈ ٹورازم ، دونوں اضلاع کے کونسل ممبران ، چئیر مین ایم سی اننت ناگ ، ایس ایس پی اننت ناگ ، اے سی ڈی اننت ناگ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔