کونسل چیئرمین کا چکاں داباغ دورہ

پونچھ //قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے ٹریڈ فیسلی ٹیشن سنٹر چکاں داباغ پونچھ کا دورہ کرکے آ رپارتجارت کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوںنے مختلف ایجنسیوں کے عہدیداران سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں ہدایت دی کہ تجارت کو کامیابی سے انجام دینے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھاجائے ۔کونسل چیئرمین نے کہاکہ مرحوم مفتی سعید کا خواب تھاکہ حد متارکہ پر ایسے مزید پوائنٹ کھولے جائیں تاکہ لوگوںکو آر پار جانے میں آسانی ہو اور اعتماد سازی کے مزید اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔ انہوںنے کہاکہ کرگل سمیت دیگر علاقوں میں ایسے پوائنٹ کھولنے کی ضرورت ہے ۔اس موقعہ پر کسٹوڈین ٹی ایف سی چکاں داباغ تنویر خان نے چیئرمین کو تجارت کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ چیئرمین نے دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا ۔ ان کے ہمراہ ریجنل ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ شوکت حسین کاظمی ، ایڈیشنل ایس پی پونچھ انور اور دیگر افسران بھی تھے ۔