خالد جاوید
کولگام //کولگام کے میرہامہ علاقے میں انکاؤنٹر کے حوالے سے پولیس کے مطابق، تصادم میں 2 ملی ٹینٹ مارے گئے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ رات گئے تک معطل رہنے کے بعدصبح کے وقت سرچ آپریشن دوبارہ شروع ہوا، دونوں مارے گئے ملی ٹینٹوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔پولیس نے کہا ہے کہ ان کی شناخت سلطان پٹھان اور ذبیح اللہ کے طور پر کی گئی ہے، دونوں پاکستان کے رہنے والے ہیں اور ان کا تعلق کالعدم تنظیم جیش محمد سے ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹ کولگام اور شوپیاں اضلاع کے علاقوں میں سال 2018 سے “A” کی درجہ بندی اور سرگرم تھے۔ مارے گئے دونوں کے پاس ملی ٹینسی کے جرائم کے مقدمات کی تاریخ تھی جن میں پولیس/فورسز پر حملے، سکیورٹی اہلکاروں کا اغوا، شہریوں پر مظالم، آئی ای ڈی حملے اور ہتھیاروں کی لوٹ مار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ نوجوانوں کو بھرتی کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے تھے۔تصادم کے مقام سے 2 اے کے سیریز کی رائفلیں، 7 اے کے سیریز کے میگزین، 9 دستی بم، 2 پاؤچز اور نقد 7000 روپے سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ ان تمام مواد کو مزید تفتیش اور دیگر دہشت گردی کے جرائم میں ملوث ہونے کی تحقیقات کے لیے کیس ریکارڈ میں لے لیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 51/2022 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کولگام میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔