شوپیان +کولگام//شوپیان میں مسلح جھڑپ کے دوران 2مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مہلوک ملی ٹینٹ کولگام میں علاقائی دیہاتی بینک منیجر کے قتل میں ملوث تھا، جو 14روز قبل لاپتہ ہوا تھا۔ادھر ہائوورہ مشی پورہ کولگام میں 2روز سے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہاں دو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا خدشہ ہے جوسانبہ کی سکول ٹیچر رجنی بالا کے قتل میں ملوث ہیں۔
شوپیان
پولیس نے کہا کہ کانجی اولر گائوں میں 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد صبح قریب ساڑھے 11بجے محاصرہ کیا گیا اور پولیس نے 34آر آر اور 14بٹالین سی آر پی ایف کی بھی خدمات حاصل کیں۔پولیس نے بتایا کہ تلاشی کارروائی کے دوران 12بجکر 10منٹ پر طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جس کے بعد مخصوص جگہ کے ارد گرد گھیرا تنگ کیا گیا اور طرفین کے درمیان جھڑپ ہوئی۔بستی میں کافی دیر تک طرفین کے درمیان جھڑپ ہوئی جو 2مقامی ملی ٹینٹوں کی ہلاکت پر ختم ہوئی۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک رہائشی مکان کو معمولی نقصان ہوا۔پولیس نے کہا ہے کہ مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت25سالہ جان محمد لون ولد عبدالرشید ساکن براری پورہ شوپیان اور طفیل احمد گنائی ولد نذیر احمد ساکن رام نگری شوپیان کے بطور ہوئی ہے۔انکے قبضے سے ایک رائفل اور ایک پستول بر آمد کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جان محمد لون یکم جون 2022اور طفیل احمد 14مارچ 2022سے سرگرم تھے۔پولیس نے کہا کہ جان محمد دیگر دہشت گردی کے جرائم کے علاوہ، ضلع کولگام میں 2 جون کو بینک منیجر وجے کمار کے حالیہ قتل میں ملوث تھا۔ وجے کمار راجستھان کے ہنومان گڑھ کا رہنے والا تھا اور کولگام میں کام کرتا تھا۔ بینکر کو ملی ٹینٹوں نے دن دھاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
کولگام
پولیس نے کہا ہے کہ کولگام میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن دو روز سے جاری ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ منگل بعد دوپہر قریب2بجے کجر اورمشی پورہ کے درمیان میوہ باغات کے ایک وسیع علاقے میں کم سے کم 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی،چنانچہ فسٹ آر آر اور 18بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات حاصل کی گئیں اور پونے 4بجے قریب آپریشن شروع کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس موقعہ پر یہاں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز کی تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فائرنگ کا تبادلہ کچھ منٹ تک جاری رہا جس کے بعد گائوں میں مکمل خاموشی چھا گئی۔منگل کی شام اندھیرا چھانے کے بعد آپریشن بدھ کی صبح تک معطل کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ بدھ کی صبح دیر بعد جب تلاشی کارروائی ہورہی تھی تو طرفین کے درمیان فائرنگ کا بہت مختصر تبادلہ ہوا اور اسکے بعد پھر خاموشی چھا گئی۔سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک طلب کرلی گئی ہے اور میوہ باغات کے ایک وسیع علاقے کو گھیرے میں لیکر روشنیوں کا انتظام کیا گیا ہے اور میوہ باغات کو کھنگالا جارہا ہے۔پولیس کو خدشہ ہے کہ میوہ باغات میں ہائیڈ اوٹ ہوسکتا ہے، جسے تلاش کیا جارہا ہے۔ بدھ کی شام تلاشی آپریشن دوسری بار جمعرات کی صبح تک معطل کردیا گیا ہے۔
کولگام میں 2روز سے تلاشی آپریشن جاری|شوپیان میں 2ملی ٹینٹ ہلاک مہلوکین میں علاقائی دیہاتی بینک منیجر کے قتل میں ملوث تھے:پولیس
