کولگام میں نیشنل کانفرنس کی عوامی رابطہ مہم موجودہ دور میں عوام سب سے زیادہ مشکلات کا شکار : سکینہ ایتو

سرینگر//جموں وکشمیر کی آبادی اس وقت زبرست مشکلات سے دوچار ہے۔ بجلی، پینے کے پانی اور روز مرہ کی دیگر ضروریات کی عدم دستیابی، بے تحاشہ مہنگائی، بے روزگاری اور کساد بازی نے عوام کو مکمل اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کی سینئر خواتین لیڈر اور سابق وزیر سکینہ ایتو (انچارج کانسچونسی نورآباد) نے اپنی عوامی رابطہ مہم جاری رکھتے ہوئے مختلف مقامات پر پارٹی عہدیداروں، کارکنوں کے علاوہ عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں سے جاری غیر یقینیت اور بے چینی سے یہاں کے لوگ ہر طرح سے متاثر ہوئے ہیں۔جموںوکشمیر کی موجودہ غیر جمہوری حکومت آئے روز یہاں ریکارڈ توڑ ترقی ، خوشحالی، امن و امان اور آسمان سے تارے توڑ لانے کے دعوے کرتے پھر رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام کو گذشتہ 75برس میں اس وقت سب سے زیادہ مصائب اور مشکلات کا سامنا ہے ۔لوگوں کے مسائل و مشکلات، بے روزگاری، لوگوں کی اقتصادی بحالی، نوجوانوں میں پائی جارہی تنائوی صورتحالی کو ان دیکھا کیا جارہا ہے۔ سکینہ ایتو نے عوام پر زور دیا کہ وہ سیاسی طور پر درست ہونے کی ضرورت کو سمجھیں اور اس بات کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ جموںوکشمیر کے درپیش سیاسی، جمہوری اور آئینی چیلنجوں کے ساتھ ساتھ عوام لوگوں کو درپیش روزمردہ کے مصائب اور مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کس طرح ضروری ہے۔