کولگام میں دیہی ترقی محکمہ کے کئی پروجیکٹوں کاافتتاح وزیراعظم آواس یوجنا کے تحت جموں کشمیرکومزیدمکانات الاٹ:مندیپ کور

نیوزڈیسک

کولگام//جموں کشمیرکووزیراعظم آواس یوجنا کے تحت مزیدمکانات الاٹ ہوئے ہیں اور 30 جون تک معاملات کے اِندراج اور منظوری کے عمل کو مکمل کرنے اور 31مارچ 2024 تک مکانات کی تکمیل کے لئے خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے ۔اس بات کااظہارکمشنر سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ اور پنچایتی راج مندیپ کور نے کولگام دورہ کے دوران کیا ۔ اُنہوں نے وہاں محکمہ دیہی ترقی کے کئی کام کے پروجیکٹوں کا معائینہ اور اِفتتاح کیا۔

 

 

اُنہوں نے اَپنے دورے کا آغاز آڈیگٹنو اور زنگل پورہ میں سیلابی بچائو بند سے کیا جہاں اُنہیں جانکاری دی گئی کہ سیلاب سے بچائو کے یہ بند کنورجنس موڈ میں 5.85 کروڑ کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کئے گئے ہیں اور یہ کئی گائوں کو دریائے ویشو کے طوفانی سیلاب سے بچائیں گے۔کمشنر سیکرٹری نے چیک پورہ پنچایت میں نئے تیار کردہ پلے فیلڈ اور اَمرت سروور کا معائینہ کیا او رپنچایت میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ شیڈ کا بھی اِفتتاح کیا۔دورے کے دوران کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ ، ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کشمیر شبیر حسین بٹ ، ایس ایس پی ساحل سرنگل ، اے ڈی ڈی سی شوکت احمد راتھر ، اے سی ڈی ، اے سی پی اور دیگر اَفسران بھی شامل تھے۔بعدمیں کمشنر سیکرٹری نے ڈی کے مارگ بلاک کا دورہ کیا اور اُنہوں نے گائوں سرمرگ میں نئے تعمیر شدہ پلے فیلڈ کا اِفتتاح کیا جس پر 18 لاکھ کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اُنہوں نے ڈی کے مارگ میں استفادہ کنندگان کے جاری رجسٹریشن کی نگرانی کے لئے پی ایم اے وائی ۔ جی رجسٹریشن کیمپ کی صدارت بھی کی ۔اُنہوں نے ڈی کے مارگ میں مقامی لوگوں او رپی آر آئی ممبران سے بھی بات چیت کی اور مسائل اور مطالبات کو بغور سنا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی کو اِضافی پی ایم اے وائی ۔ جی مکانات موصول ہوئے ہیں اور 30 جون تک معاملات کے اِندراج اور منظوری کے عمل کو مکمل کرنے اور 31مارچ 2024 تک مکانات کی تکمیل کے لئے خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے ۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے سکیموں پر عمل در آمد کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کی فلاحی سکیموں سے اِستفادہ کریں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔کمشنر سیکرٹری نے ضلع کے اپنے دورے کے دوران ڈی کے مارگ اور پومبے میں بلاک ڈیولپمنٹ آفس کی دو عمارتوں کا بھی اِفتتاح کیا جہاں اُنہیں جانکاری دی گئی کہ دونوں عمارتیں آر ڈی ڈی نے 51لاکھ کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کی ہیں۔بعد میں کمشنر سیکرٹری نے منی سیکرٹریٹ میں پی آر آئی ممبران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی او ران کے مسائل اور مطالبات سنے۔اُنہوں نے پی آر آئیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آر آئیز کا کردار ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔