کولگام میں دن دہاڑے گداگر نے خاتون کولوٹا

 کولگام//کولگام میں گداگر کے بھیس میں لٹیرے نے ایک خاتون کودن دہاڑے کولوٹا۔ زئی پورہ اگرودیوسرمیں گداگرایک گھر میں داخل ہوا اور خاتون خانہ سے ایک گلا س پانی مانگا۔بتایاجاتا ہے کہ جونہی خاتون گھر کے کچن میں پانے لانے گئی ،تو گداگر اس کے پیچھے دوڑااور اپنی سونے کی دوانگوٹھیاں اُس کے حوالے کرنے کی دھمکی دی اور کہا کہ اگر اُس نے سونے کی انگوٹھیاں اُس کے حوالے نہیں کی ،تو اُسے جان سے ماردیاجائے گا۔خاتون نے بغیر کسی مزاحمت کے سونے کی دوانگوٹھیاں اُس کے حوالے کی۔ خاتون نے گداگروں کے جاتے ہی پڑوسیوں کی توجہ مبذول کرانے کیلئے چیخ وپکار کی ،لیکن تب تک وہ فرار ہوچکے تھے۔ میربازارمیں پلمبر کے طور کام کرنے والے خاتون کے شوہر نے بتایا کہ اُس کی بیوی نے جان بچانے کیلئے سونے کی دوانگوٹھیاں لٹیروں کے حوالے کی۔پولیس کے مطابق گداگر نے خاتون کو بجلی کاکرنٹ دینے کی دھمکی دی تھی اورخاتون نے اپنی جان بچانے کیلئے سونے کی انگوٹھیاں اُس کے حوالے کیں۔پولیس نے کیس درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کی ہے۔