کولگام //توری گام کاڈرکولگام میں جھڑپ کے دوران جاں بحق تین وں جنگجوئوں کی شناخت کرلی گئی ہے جن میں ایک مقامی جنگجو راقب احمد شیخ ولد محمد امین ساکن شگن پورہ جبکہ دیگر2 ولید اور نعمان کے بطور کی گئی ہے جو دونوں غیر ملکی تھے۔ان سبھی کا تعلق جیش محمد سے تھا۔پولیس کے مطابق مہلوک ولید اور نعمان ممنوعہ تنظیم جیش کے اعلیٰ کمانڈر رہ چکے ہیں اور وہ جنوبی کشمیر میں سرگرم تھے ۔وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں ،عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلوب تھے ۔ مہلوک شدت پسند وں کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں ۔راقب احمد شیخ ایک سال پہلے جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوا تھا۔ اُس وقت وہ سکنڈ ائر میں زیر تعلیم تھا۔راقب کی لاش اتوار کی شب قریب 12بجے دی گئی۔راقب کی نماز جنازہ سوموار کی صبح 11بجے ادا کی گئی۔ اس دوران کافی تعداد میں لوگ یہاں جمع ہوئے اور اسکی بنا پر اسکا4 جنازہ ادا کیا گیا۔ ادھر جنگجوئوں کی ہلاکت کیخلاف کولگام ضلع میں مکمل ہڑتال کی گئی، قصبہ کے علاوہ فرصل، یار پورہ،کھڈونی، کیموہ،ریڈونی،گھاٹ، دمحال ہانجی پورہ، دیوسر ، پہلو او دیگر علاقوں میں دکانیں ، تجارتی مراکز بند رہے جبکہ ٹریفک بھی سڑکوں سے غائب رہا۔
مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر عدم استحکام کی وجہ:مزاحمتی خیمہ
معرکہ کولگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت
سرینگر// حریت (گ)،حریت (ع)اور مسلم لیگ نے کولگام معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہمارے یہ سرفروش قوم کی آزادی کے لیے اپنے آج کو قربان کررہے ہیں‘۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کے حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی والی پالیسی کی وجہ سے جموں کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں۔ گیلانی نے اپنے اس موقف کو دہرایا کہ جموں کشمیر میں جو بھی تشدد اور خون خرابہ ہورہا ہے یہ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور غلط پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے جو مسئلہ کشمیر کو صرف بندوق اور ملٹری مائیٹ کے ذریعے سے حل کرانے پر بضد ہے اور کشمیر میں آج جس طرح کی بھی صورتحال درپیش ہے، اس کی ذمہ داری بھارت کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ حریت (ع)نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بلند نصب العین کے حصول کی جدوجہد میں دی جارہی قربانیاں ضرور ثمر آور ثابت ہونگی۔بیان میں کہا گیا کہ طاقت اور تشدد کے بل پر یہاں کی نوجوان نسل کو عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کئے جانے کے حربے پہلے سے ابتر حالات مزید بگاڑنے کا موجب بنتے رہیں گے ۔بیان میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل میں تاخیری حربے ہرگزرتے دن کے ساتھ اس پورے خطے کو مزید عدم استحکام کی جانب دھکیل رہے ہیں اور وقت آگیا ہے کہ جنگی جنون کو ہوا دینے کے بجائے اور ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی الزامات لگانے کے بجائے مسئلہ کشمیر سے جڑی دونوں جوہری مملکتیں اس مسئلہ کو یہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے سیاسی جرأتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دانشمندی کا ثبوت دیں۔مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سرفروشوں نے دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر جس طرح قوم کی سربلندی کیلئے عظیمت کاراستہ اختیار کیا وہ باعث فخر ہے اور سنہرے حروف سے لکھنے کے مترادف ہے کیونکہ یہی وہ حقیقی محسن ہیں جو قوم کو صحیح طرزِ حیات سکھانے کی خاطر اپنا آج قربان کرکے اپنے خون کی سیاہی سے آزادی کی تحریر رقم کرکے قوم کو عزت سے جینے کا سلیقہ سکھاتے ہیں ۔