کولگام شبانہ تصادم آرائی ختم،2رہائشی مکان تباہ

کولگام // کولگام شوپیان روڑ پر واقع پاری ون نیلو گائوں میں شبانہ تصادم آرائی ایک غیر مقامی ملی ٹینٹ کمانڈر اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار کی ہلاکتوں پر ختم ہوا۔اس مسلح جھڑپ میں فوج کے 3اہلکار اور 2عام شہری زخمی بھی ہوئے۔تصادم آرائی میں دو رہائشی مکان تباہ ہوئے جبکہ مالک مکان اور اسکے اہل خانہ کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔

تصادم آرائی 

پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ کولگام ضلع ہیڈکوارٹر سے قریب 8کلو میٹر دور شوپیان کولگام روڑ پر پاری ون گائوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی بنا پر34آر آر،18بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس آپریشن گروپ نے مشترکہ طور پر شام دیر گئے قریب 8بجے محاصرہ کیا اور ممکنہ مقام کے ارد گرد ناکہ بندی کرنے کی کوشش کی۔مشترکہ تلاشی پارٹی مشتبہ جگہ کے قریب جونہی پہنچی تو چھپے ہوئے ملی ٹینٹ نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس پر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں تصادم ہوا۔تاہم، تصادم کے مقام سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے دوران، ایک پولیس اہلکار، تین فوجی جوان اور دو شہری زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم پولیس اہلکار سلیکشن گریڈ کانسٹیبل روہت چب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔دو شہریوں سمیت دیگر  3فوجی اہلکاروں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے جنہیں معمولی چوٹیں آئیں۔ تین فوجی اہلکاروں کی شناخت نائیک ارجن سنگھ،سپاہی امر جیت سنگھ اور سپاہی سکھ جیت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔دو شہریوں کی شناخت شوکت احمد خان ولد محمد شفیع اور برہان منظوربٹ کے بطور ہوئی ہے۔ تصادم آرائی میں معشوق احمد لون دامادغلام احمد گنائی کے دو رہائشی مکان( ایک نیا ایک پرانا) تباہ ہوئے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ معشوق احمد لون، اہلیہ میمہ اختر،17سالہ بیٹی فضا جان اور 15سالہ بیٹی مدینہ جان کو حراست میں لیا گیا ہے، اسکے بیٹے باسط احمد کے بارے میں کوئی اتہ پتہ نہیں ہے جبکہ ایک اور مقامی نوجوان ذاکر وانی ولد محمد یوسف ساکن نیلو بھی زیر حراست ہے۔ تصادم میں ایک سرکردہ پاکستانی جیش محمدملی ٹینٹ مارا گیا اور اس کی لاش برآمد کی گئی۔پولیس ریکارڈ کے مطابق بابر بھائی نامی ملی ٹینٹ2018 سے شوپیاں ، کولگام اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرگرم تھا۔ وہ تشدد کے کئی مقدمات میں قانون کو مطلوب تھا۔تصادم کے مقام سے ایک رائفل، ایک پستول اور دودستی بم سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
 
 

انسپکٹر جنرل پولیس کا دورہ کولگام

امسال14ملی ٹینٹوں کی ہلاکت

کولگام /خالد جاوید/انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمارنے تصادم کی جگہ کا دورہ کیا اور سیکورٹی گرڈ اور آپریشنل پہلوئوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ایس او جی کیمپ نیلو کولگام کا بھی دورہ کیا، جہاں پولیس،فوج اور سی آر پی ایف کے جوانوں کے ساتھ بات چیت کی۔آئی جی پی نے کولگام میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مالک مکان اور اس کے کنبہ کے افراد ،جہاں مارا گیا ملی ٹینٹ چھپا ہوا تھا،نے جان بوجھ کر تلاشی ٹیم کو یہ کہہ کر گمراہ کیا کہ ان کے گھر میں کوئی ملی ٹینٹ چھپا نہیں ہے جس کی وجہ سے نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہ ’’ان کے خلاف دہشت گردی کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی‘‘۔ انہوں نے یہ کہا کہ رواں سال کے دوران اب تک 14 ملی ٹینٹوں کو جاں بحق کیا گیا ہے جن میں سے 7 غیر ملکی ہیں جن میں ایک کپوارہ میں ایل او سی پر مارا گیا ۔آئی جی پی کشمیر نے پولیس کی جانب سے شہید پولیس اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ڈیوٹی کے دوران بہترین قربانیاں دیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے انتہائی مطلوب پاکستانی ملی ٹینٹ کی ہلاکت پر مشترکہ فورسز کو مبارکباد دی ۔پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔