سرینگر//نیشنل فرنٹ، فریڈم پارٹی اورپیپلز لیگ نے کیلم کولگام جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔نیشنل فرنٹ کے نائب چیئر مین الطاف حسین وانی نے ایک بیان میں کہا کہ متنازعہ خطے کے اطراف و اکناف میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے اور خونی لکیر کے آر پار موجود حساس شہریوں کے دل خون کے آنسو رورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں سے پورا خطہ ماتم کدے میں تبدیل ہوکر رہ گیا ہے۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو گاجر مولی کی طرح آئے دنوں کاٹا جارہا ہے کیونکہ وہ بھارت کے قبضے کیخلاف محو جد و جہد ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر، نڈر اور بیباک نوجوان اپنے عوام کے بنیادی حقوق کیلئے میدان میں کود پڑے ہیں اور افسوس کا مقام یہ ہے کہ اُن کی بات سننے کے بجائے اُن کا قتل عام کیا جارہا ہے۔پیپلز لیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وادی بھر خصوصاً جنوبی کشمیر میں آئے روز نوجوانوں کی طرف سے ہمارے بہتر سیاسی مستقبل کیلئے دی جارہی قیمتی جانوں کی قربانیاں اس قوم کی تحریک آزادی کے تئیں ایک قیمتی اثاثہ ہے جس کی ہرحال میں اور کسی بھی صورت میںحفاظت کی جائے گی۔
کولگام جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت
