عارف بلوچ+عازم جان +محمد تسکین
اننت ناگ+بانڈی پورہ//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں جمعرات کو بادل پھٹنے سے ایک شخص کی موت اور3دیگر زخمی ہوئے۔ ادھر بانڈی پورہ میں بادل پھٹنے سے تباہی مچ گئی۔وادی کے کم و بیش سبھی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں جن کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔
کولگام
کولگام کے بونہ وارڈ دمحال ہانجی پورہ علاقے میں موسلادھار بارش کے دوران علی الصبح بادل پھٹے اور اسکی زد میں آکر 4افراد آئے۔انہیں فوری طور پر بچائو کارروائی کے دوران نزدیکی طبی مرکز لیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک شخص کو مردہ قرار دیا۔مہلوک کی شناخت مختار احمد چوہان ولد محمد حسین ساکن بونہ وارڈ بالا کے طور پر ہوئی۔ اس واقعہ میں اسکا بھائی رفاقت احمد چوہان ولد محمدحسین شدید زخمی ہوا جو زیر علاج ہے۔
بانڈی پورہ
ضلع میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور حکام نے بانڈی پورہ گریز روڑ کو احتیاطی طور پر بند کردیا۔ نالہ بونار جو مدمتی کے نالہ سے سنرونی کے مقام پر ملتا ہے، میں زبردست طغیانی آگئی اور درد پورہ اور برزلہ پنجگام نالہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ تاہم نالوں کے اردگرد کناروں پر واقع فصلوں کو جزوی نقصان ہوا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ارن درد پورہ نالہ میںطغیانی آنے سے نئی زیر تعمیر سڑک اور پل کو نقصان پہنچا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔ چھانہ دجی کے لوگوں نے بتایا کہ صبح سویرے چھانہ دجی کے متصل بادل پھٹنے سے طغیانی آگئی ، جس نے گریز بانڈی پورہ شاہراہ کو بھی نقصان پہنچایا اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔ بادل پھٹنے کی وجہ سے شدید بارش نے آرین درد پورہ کے کندری نالہ میں پانی کا نمایاں بہائو پیدا کیا۔پازل پورہ، شیخ پال، برزولا، پنزیگام اور دیگر بستیوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔اگرچہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، لیکن املاک کونقصان پہنچا۔پانی کناروں سے بہہ کر دیہات میں داخل ہو گیا ۔ بارزولہ اور پنزیگام دیہات کو خطرپ لاحق رہا۔برزولہ گائوں میں صبح کے وقت ریش کل ندی ٹوٹ گئی تھی۔دریں اثنا، گریز-بانڈی پورہ روڈ پر چندا جی کے قریب بھی اچانک سیلاب نے لینڈ سلائیڈنگ کو جنم دیا، جس سے انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر سڑک کو بند کردیا۔اے ڈی سی بانڈی پورہ نے کہا کہ صبح کی موسلادھار بارش کے بعد کچھ علاقوں میں “سیلاب جیسی صورتحال پیدا” ہوئی۔
رام بن
ضلع رام بن میں بھی جمعرات کو خواب موسمی صورتحال رہی۔کھڑی تحصیل کے ترگام گائوں میں صبح 4بجے کے قریب گڈ بیر بہک میں بادل پھٹے اور آسمانی بجلی گری۔اس سے محمد یوسف گوجر ولد غلام حسین گوجر ساکن آکھرن کھڑی کی 5بھیڑیں ہلاک ہوگئے۔ ادھر صبح 11بجے رام بن کے میتراہ علاقے میںٹیلی ویژن ریلے ٹاور چند روگ کے پاس لوہے کے کھمبے میں کرنٹ آئی جس سے مشتاق احمد نظامی ایک گائے ہلاک ہوئی۔