سری نگر// حکومت نے جموں و کشمیر میں بدعنوانی کے الزام میں اے آر ٹی او کو معطل کر دیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے بدھ کی شام اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر جمشید رسول چوہدری کی معطلی کا حکم جاری کیا جو اس وقت انچارج اے آر ٹی او پونچھ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اُسے اینٹی کرپشن بیورو سری نگر کی جانب سے دائر بدعنوانی کے مقدمے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے معطل کیا گیا جب وہ ماضی میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسربڈگام تعینات تھے۔ملزم افسر کو ڈویژنل کمشنر کشمیر کے دفتر سے منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ سید شاہنواز، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر کو جمشید رسول چودھری کے خلاف لگائے گئے الزامات کی گہرائی سے تفتیش کرنے کے لیے ‘انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔وہ اپنی رپورٹ اور سفارشات ایک ماہ کے اندر ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو پیش کریں گے۔