کورونا کے 144نئے معاملات

 سرینگر //جموں و کشمیر میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس سے ہونے والی اموات اور روزانہ متاثرہونے والے افرادکی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جمعہ کو جموں و کشمیر میں وائرس سے 2 خواتین سمیت 5افراد فوت ہوئے ہیں۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1920ہوگئی ہے۔ ان میں 715جموں جبکہ 1205 کشمیر میں فوت ہوئے ہیں۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا کی تشخیص کیلئے 22ہزار665ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 144کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 23ہزار108 ہوگئی ہے۔ ان میں 72ہزار 81کشمیر جبکہ 51ہزار 27جموں میں متاثر ہوئے ہیں۔ نئے 144معاملات میں 64جموں جبکہ 80کشمیر میں متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 64معاملات میں 46ضلع جموں، 2ادھمپور، ایک کٹھوعہ، 9سانبہ، 1پونچھ اور5رام بن سے تعلق رکھتے ہیں۔ جموں صوبے کے راجوری ، ڈودہ، کشتواڑ اور ریاسی میں کوئی بھی شخص متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر کے 80متاثرین میں 40سرینگر، 2بارہمولہ، 2بڈگام، 3پلوامہ، 3کپوارہ، 6اننت ناگ، 2بانڈی پورہ، 10گاندربل، 3کولگام اور 9شوپیان سے تعلق رکھتے ہیں۔ 
 5فوت
 جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 5افراد فوت ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں 2کشمیر جبکہ 3جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر صوبے میں فوت ہونے والے 2متاثرین میں ایک کا تعلق بڑگام جبکہ ایک کولگام سے تعلق رکھتا ہے۔ بڈگام میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ مچھا بیروہ سے تعلق رکھنے والی 50سالہ خاتون کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا کی وجہ سے صدر اسپتال سرینگر میں فوت ہوگئی‘‘۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کو چند دن قبل اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ جمعہ کو فوت ہوگئی۔کولگام میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’ ووسو قاضی گنڈسے تعلق رکھنے والی 55سالہ خاتون کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگئی ہے۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کو چند دن قبل نمونیا کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں اسکی رپورٹ مثبت آئی‘‘۔سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ خاتون جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو فوت ہوگئی ‘‘۔جموں صوبے میں بھی کورونا وائرس سے مزید 3افراد فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں  2ضلع جموں جبکہ ایک کٹھوعہ سے تعلق رکھتا ہے۔ 

 حکومتی بیان

 سرکاری بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,23,108معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے1,428سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,19,760اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد1,920تک پہنچ گئی ،جن میں سے 1,205کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور715کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران جمعہ کو مزید179فرادشفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے111اَفراداور کشمیر صوبے کے68اَفرادشامل ہیں۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 42,11,448ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے  15؍جنوری 2021 کی شام تک 40,88,340نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اَب تک9,92,679افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں32,270اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔1,428  اَفراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ48,966اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطاب9,08,095اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔