کورونا کے خلاف جنگ، ثانیہ نے جمع کئے 1.25 کروڑ روپئے

نئی دہلی//ہندستان کی اسٹار خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں لوگوں کی مدد کے لئے 1.25 کروڑ روپئے اکٹھے کیے ہیں ۔ ٹینس کی سرکردہ کھلاڑی ثانیہ مرزا نے ٹویٹر پر لکھا کہ گزشتہ ہفتے ہم نے ایک ٹیم کی حیثیت سے اجتماعی کوشش کی ہے کہ ضرورت مند لوگوں کو کچھ مدد فراہم کریں۔ ہم نے ہزاروں خاندانوں کو کھانا فراہم کیا اور ایک ہفتہ میں 1.25 کروڑ اکٹھا کئے جس سے قریب 1 لاکھ افراد کی مدد ہوگی۔ واضح رہے کہ متعدد ایتھلیٹوں نے آگے آکر کووڈ 19 کے خلاف ملک سے لڑنے میں مدد فراہم کی ہے ۔ثانیہ نے ملک میں جاری کورونا وائرس کے وبائی مرض کے خوف کے دوران یومیہ مزدوری کرنے والے مزدوروں و غریبوں کو کھانا اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لئے رقم جمع کرنے کے لئے قدم آگے بڑھایا ہے ۔حیدرآباد میں کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے ثانیہ مرزا نے عام بیداری پیدا کی ۔ ملک اور بالخصوص حیدر آباد میں لاک ڈاؤن اور کرفیو کی وجہ سے غیر رسمی شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور جو لوگ روزانہ اجرت پر انحصار کرتے ہیں وہ اپنے اہل خانہ کی ضرورتوں اور سہولتوں کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ثانیہ مرزا نے گذشتہ ہفتے صفا تنظیم کی حمایت کرتے ہوئے اپنے سوشل نیٹ ورک پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی اور ضرورتمندوں کے لئے امداد دینے کا وعدہ کیا تھا اور لوگوں سے کہا تھا کہ وہ بھی اس مشکل وقت میں اپنا بھرپور تعاون دیں۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ اس مشکل وقت میں جب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ایسے میں ہمیں یہ سہولت حاصل ہے کہ ہم گھرپر آرام سے بیٹھے ہیں اور سب کچھ ٹھیک ہونے کا انتظار کررہے ہیں ، لیکن ہزاروں لوگ ایسے خوش قسمت نہیں ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن مدد کریں اور ان کا خیال رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صفا اور کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر ہم امید کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں زیادہ سے زیادہ خاندانوں کی مدد کریں ۔واضح رہے کہ ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس امتحان کی گھڑی میں کورونا وائرس کے خلاف فیصلہ کن جنگ کے لئے اپنا تعاون دیں۔ اس مقصد کے لئے پی ایم کیئرز فنڈ تشکیل دیا گیا تھا جس میں ہندستانی کرکٹر سریش رینا، سابق ہندوستانی کرکٹر سچن تندولکر،بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی ، اسپرنٹر ہما داس ، شٹلر پی وی سندھو ، اور پہلوان بجرنگ پنیا سمیت کئی کھلاڑیوں اور ایتھلیٹوں نے بھی اس میں اپنا تعاون دیا ہے ۔یو این آئی