کورونا کے تازہ معاملے پر 15افراد کو علیحدہ کیاگیا

راجوری //شوپیاں سے واپس آنے والے راجوری کے ایک نوجوان میںگزشتہ رات کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اس کے رابطے میں آنیوالے 15افراد کو علیحدہ کیاگیاہے جبکہ 4مزدوروں کے خلاف ٹریول ہسٹری چھپانے پر کیس درج کیاگیاہے ۔شوپیاں کے ایک باغ میں کام کرنے والانوجوان 15اپریل کودیگر 6مزدور ساتھیوں کے ہمراہ گھر کیلئے نکلا اور وہ سبھی 16اپریل کو دیرہ گلی پہنچے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ یہ سات مزدور دو الگ الگ گروپوں میں آئے اور پانچ مزدوروں کا گروپ جنگلاتی علاقے سے چھپ چھپاکر دیرہ گلی چیک پوائنٹ کو آسانی سے عبور کرنے میں کامیاب رہا جبکہ دیگر دو مزدوروں کو فورسز نے چیک پوائنٹ پر روک کر ہائر اسکینڈری سکول تھنہ منڈی میں قائم کئے گئے قرنطینہ مرکز منتقل کیا اوراگلے ہی روز ان دونوں مزدوروںکے نمونے حاصل کرکے جانچ کیلئے بھیجے گئے جن میں سے ایک کی رپورٹ مثبت آئی ۔ذرائع نے بتایاکہ رپورٹ ملتے ہی کورونا مریض کو نصف شب کوتھنہ منڈی قرنطینہ سے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجہاں سے اسے صبح گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں بھیج دیاگیا ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس مریض سے پوچھ تاچھ سے پتہ چلاکہ وہ دیگر چھ ساتھیوں کے ہمراہ شوپیاں سے راجوری پہنچا۔ذرائع کاکہناہے ’’رات کو ہی ضلع مجسٹریٹ اور ایس ایس پی کی نگرانی میں پولیس ،انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیموں نے حرکت میں آکر پانچ میں سے چار مزدوروں کا پتہ لگاکر انہیں بدھل کے ترگائیں گائوں سے پکڑ کر صبح لگ بھگ 4بجے جی ایم سی ہسپتال راجوری منتقل کیا‘‘۔ذرائع نے بتایاکہ پانچویں مزدورکی شناخت ریاسی کے چسانہ گائوں کے شہری کے طور پر ہوئی ہے جس پر متعلقہ ضلع انتظامیہ کو اطلاع پہنچائی گئی اور سنیچر کی صبح اسے بھی ریاسی پولیس نے پکڑ لیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ نے بتایاکہ کورونا میں مبتلا پایاگیا شخص کوٹرنکہ کے مندر گالا علاقے سے تعلق رکھتاہے جسے جموں منتقل کردیاگیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ اس کے رابطے میں آنیوالے پندرہ سے زائد افراد کی شناخت کرکے انہیں باقی لوگوں سے الگ تھلگ کیاگیاہے جن میں اس کے چھ ساتھی مزدور، کچھ پولیس اہلکار، گائوں کا ایک نمبردار اوراس کے گھر والے شامل ہیں ۔دریں اثنا پولیس نے 4مزدوروں کے خلاف کیس درج کیاہے جنہوں نے حال ہی میں کشمیرکا سفر کیا لیکن انہوں نے اپنی ٹریول ہسٹری پوشیدہ رکھی ۔ ان چاروں کا تعلق بدھل کے کنگوٹہ علاقے سے ہے جو کورونا مریض کے ساتھ کشمیر سے واپس آئے ۔ایس ایس پی راجوری چندن کوہلی نے بتایاکہ ضلع مجسٹریٹ کے احکامات کی خلاف ورزی اور ٹریول ہسٹری چھپانے پر پولیس تھانہ بدھل میں کیس درج کیاگیاہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ٹریول ہسٹری نہ چھپائیں اور کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے تعاون دیں ۔