نیوزک ڈیسک
نئی دلی /کورونا وائرس کی نئی ہیت XEکا بھارت میںپہلا معاملہ ممبئی میں بدھ کو سامنے آیا ہے۔ گریٹر ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدھ کو ممبئی میں 230افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 228میں اومیکرون ، ایک میں Kapa جبکہ ایک میں کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلنے والی ہیت XEکی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ نئی ہیت XEکورونا وائرس کی پرانی تمام ہیتیوں سے تیزی سے پھیلنے والی ہے۔ ایڈیشنل بی ایم سی کمشنر سریش ککانی نے بتایا ’’مریض بیرون ممالک سے واپس لوٹا ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ہم نے جینوم سیوکینسنگ کیلئے 230مشکوک افراد کے نمونے بھیجے تھے جن میں 228میں اومیکرون کا BA2 اور ایک Kapaاور ایک نمونے میں تیزی سے پھیلنے والی XEہیت کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کئے گئے قوائد و ضوابط کے مطابق اومیکرون اور XEہیت کے پھیلائو کی صلاحیت میں زمین آسمان کا فرق ہے، اسلئے فی الحال گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔برطانیہ کی ہیلتھ ایجنسی نے 3اپریل کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ برطانیہ میں نئے سال کے موقع پر کورونا وائرس کی ایک نئی ہیت سامنے آئی ہے اور اب تک XEنامی نئی ہیت کا پہلا معاملہ 19جنوری کو سامنے آیا تھا اور تب سے ابتک 637معاملات پورے ملک میں سامنے آئے ہیں۔ کورونا وائرس کی نئی ہیت XEاومیکرون کے BA1اور BA2کے ملنے سے بنا ہے اور وائرس کی نئی ہیت تبھی پیدا ہوتی ہے جو ایک مریض ایک ہی وقت وائرس کی کئی ہیتوں سے متاثر ہوتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے گذشتہ ہفتے کہا ہے کہ نئی ہیت XE پھیلنے کی صلاحیت اومیکرون سے 10فیصد زیادہ ہے۔
۔2سال بعد جموں میں کوئی کیس نہیں
وادی کے 3اضلاع میں کورونا سے 11متاثر
پرویز احمد
سرینگر //عالمی وباء کے دوسال سے زیادہ عرصے میں پہلی مرتبہ بدھ کو جموں صوبے کے 10اضلاع میںکسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔اس طرح جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 273بنی ہوئی ہے جبکہ کشمیر میں 24گھنٹوں کے دوران 11افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں ۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار838ہوگئی ہے۔ اس وران جموں و کشمیر میں مسلسل23دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں صوبے کے 10اضلاع جن میں ضلع جموں، ادھمپور، راجوری ، پونچھ، کٹھوعہ، سانبہ ، ڈودہ، رام بن ، کشتواڑ اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے ۔ جموں صوبے میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ 9مارچ 2020کو سامنے آیا تھا اور دو سال سے زائد عرصہ میں جموں صوبے میں 1لاکھ 66ہزار 273افراد وائرس سے متاثر ہوئے ۔ جموں صوبے میں پچھلے 23دنوں کے دوران کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے جبکہ یہاں دوسال کے دوران 2327افراد کی جان وائرس سے گئی ہے۔ کشمیر صوبے کے 7اضلاع جن میں بارہمولہ، پلوامہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ،گاندربل کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 3اضلاع میں 11افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے ۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 11افراد میں سرینگر میں 9،بڈگام میں ایک جبکہ ایک شخص کپوارہ سے تعلق رکھتا ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 87ہزار 565ہوگئی ہے۔ وادی میں مسلسل 35ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔
ملک میں 71اموات
۔1086نئے کیسز درج
یو این آئی
نئی دہلی// ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 71 مریضوں کی موت ہوئی ۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کورنا سے مرنے والوں کی تعداد 521487 ہو گئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ انفیکشن کے ایک ہزار 86 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج کورونا مریضوں کی تعداد کم ہو کر 11 ہزار 871 ہو گئی ہے ۔ اب تک کل چار کروڑ 24 لاکھ 97 ہزار 567 لوگ کووڈ سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک میں کل 79 کروڑ 20 لاکھ 27 ہزار 142 کووڈ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔