جنیوا//عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی اقسام کے ناموں کے لیے یونانی حروف کا اعلان کردیا۔خبرایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی برطانوی قسم کوایلفا اور جنوبی افریقی قسم کوبیِٹا کا نام دیا ہے۔جب کہ کورونا وائرس کی برازیلین قسم کو گاما اور بھارتی قسم کوڈیلٹا کہا جائے گا۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کی اقسام کے ناموں کامقصد اس پر بات چیت کو آسان بنانا ہے اور کورونا اقسام کے ممالک کے نام سے جڑنے پر ان ممالک سے متعلق منفی تاثرکو رد بھی کرنا ہے۔اس دوران دنیا بھر میں کورونا وائرس (کووڈ-19) کا قہر جاری ہے اور اب تک اس جان لیوا اورمہلک ترین وبا سے 17.05 کروڑ سے زیادہ افراد متاثر جبکہ 35.46 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ .امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سنٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا کے 192 ممالک اور خطوں میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 17 کروڑپانچ لاکھ 85 ہزار 283 ہوگئی ہے جبکہ 35 لاکھ 46 ہزار 915 افراد اس جان لیوا کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیں۔دنیا میں سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں موذی کورونا وائرس کی رفتار کچھ کم ہوگئی ہے ۔ تاہم یہاں کورونا متاثرین کی تعداد تین کروڑ 32 لاکھ 64 ہزار 380 ہوگئی ہے جبکہ جان لیوا وائرس کی زد میں آنے سے 5.94 لاکھ سے زیادہ مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔
چین : کیسوں میں اچانک غیر معمولی اضافہ | 63 کروڑ 90 لاکھ افراد کی ٹیکہ کاری مکمل
بیجنگ// چین کے جنوبی شہر گو آنگ ڑو میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اچانک اضافے کے باعث تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ہیلتھ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 27 متاثرین میں سے 7افراد حال ہی میں باہر سے آئے تھے،جب کہ دیگر مریضوں نے کوئی سفر نہیں کیا تھا۔ گو آنگ ڑو کا انٹرنیشنل ائر پورٹ گزشتہ برس عالمی وبا کے دوران بھی دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈا رہا تھا۔ دوسری جانب تھائی کی جیلوں میں تیزی سے کورونا وائرس پھیلنے لگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے کے دوران 4 ہزار نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی، جن میں سے نصف تعداد قیدیوں کی ہے۔ ادھر چین کی ریاستی کونسل کے انسداد وبا کے مشترکہ مکینزم کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ چین میں اب تک کورونا وائرس کی وبا (کووڈ-19) کے خلاف ویکسین کی 639 ملین خوراکیں دی جاچکی ہیں جبکہ ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اس وقت تک چین نے پوری دنیا کیلیے کووڈ-19 کے خلاف ویکسین کی 300 خوراکیں فراہم کی ہیں۔صحت کے قومی کمیشن کے ترجمان می فنگ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چین میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔