کورونا کی تیسری لہر: 18 افراد کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد جموں میں دو معروف شاپنگ مال بند

جموں//جموں وکشمیر کے سرمائی دارلخلافہ جموں میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں جمعرات کے روز انتظامیہ نے دو شاپنگ مال مقفل کئے کیونکہ وہاں پر 18 افراد کی رپورٹ مثبت آئی۔
 
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز جموں ہاٹ کے نزدیک دو شاپنگ مال بند کئے گئے کیونکہ وہاں پر 20 کے قریب افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ 
 
اُن کے مطابق وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر دونوں شاپنگ مال فی الحال بند رہیں گے جبکہ متاثرین کے رابطوں کی بھی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے پورے جموں صوبے میں ٹیسٹنگ کا عمل تیز کیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔معلوم ہوا ہے کہ جموں ضلع میں جمعرات دوپہر تک ہی 130 افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔
 
ذرائع نے بتایا کہ جموں میں پچھلے دو روز کے دوران کورونا کے یومیہ معاملات میں دو سو فیصدی کا اضافہ ہوا ہے جس وجہ سے لوگوں میں ایک دفعہ پھر فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
 
مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں کے صوبائی کمشنر نے کورونا رہنما اصولوں پر عملدرآمد کی خاطر متعلقین کو سخت ہدایات جاری کیں ہیں لیکن اس کے باوجود بھی مسافر بردار گاڑیوں اور شاپنگ مالوں میں ایس او پیز کی دھجیاں اُڑائی جارہی ہیں۔