نئی دہلی// عالمی وباکورونا وائرس کاقہر انتہائی تیزی سے بڑھتا جارہا ہے اور دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 13.3 کروڑ کو عبور کر چکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ 78ہزار سے زائد پہنچ چکی ہے ۔کووڈ 19 سے متاثرین کی تعداد کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور ہندوستان تیسرے مقام پر ہے ۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 13323530ہوگئی ہے جبکہ اب تک 578628افراد اس جان لیوا وبا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 50 لاکھ 29 ہزار 95 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 59 ہزار 506 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 78 لاکھ 52 ہزار 461 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکہ میں اب تک34،31،574 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 136466 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 19،26،824 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 74133 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ہندوستان میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 29429 نئے کیسز ہوئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ 936181 ہوگئی ہے ۔ اس سے قبل مسلسل تین روزتک 28ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 582 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 24309ہوگئی ہے ۔وائرس کے تیزی سے بڑھتے کیسز کے درمیان راحت پہنچانے والی بات یہ ہے کہ ہندوستان میں اس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 20572 سے زیادہ مریض صحت مند ہوچکے ہیں ۔ملک میں شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 592032 ہوچکی ہے ۔
سعودی عرب میں 2692،برازیل میں42000
اسرائیل میں1728نئے معاملات
ریاض+برازیل+تل ابیب// سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 2692 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 237803 ہوگئی ہے ۔سعودی عرب کی وزارت صحت نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 40 اموات ہوئیں ، جس سے وبائی اموات سے ہلاک شدگان مجموعی تعداد 2283 ہوگئی۔وزارت صحت کے ترجمان محمد عبدالعالی نے منگل کے روز یومیہ کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ ان دنوں سعودی عرب میں کورونا کیسز کی تعداد پر بتدریج قابو پایا جارہا ہے ۔ وزارت نے بتایا کہ کورونا سے 7718 نئے مریضوں کی شفایابی کے ساتھ ہی صحت مند مریضوں کی مجموعی تعداد 177560 ہوگئی ہے ۔