کورونا کیئر مراکز میں مریضوں کو تمام سہولیات دستیاب رکھنے پرزور

 جموں//صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو نے جموں صوبے میں قائم کئے گئے تین کووِڈ کیئر مراکز کا دورہ کیا۔صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اُن کے ہمراہ تھے۔فائنانشل کمشنر نے سروتی دھام اور ویشنو دھام کا دورہ کیا، جہاں بالترتیب 190اور 185 بستروں کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔فائنانشل کمشنر نے اِن مراکز میں دستیاب سہولیات پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے افسروں کو رہنما خطو ط پر عمل آوری کی ہدایت دی۔اُنہوںنے ان مراکز میں داخل کئے جانے والے مریضوںکو ہر طرح کی سہولیت دستیاب رکھنے پر زور دیا۔اُنہوں نے افسروںکو کووِڈکیئر مراکز کے لئے مطلوبہ سازو سامان حاصل کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس وبائی بیماری سے مؤثر طور نمٹاجاسکے ۔بعد میں اتل ڈولونے بھگوتی نگر یاترا نواس بھون کا بھی دورہ کیا جہاں کووِڈ کیئر مرکز قائم کر کے 450بستروں کی سہولیت دستیاب رکھی گئی ہے۔ اُنہوں نے اِنتظامیہ کو اپنا تعاون دینے کے لئے شرائین بورڈ کے جذبے کی سراہنا کی ۔اُنہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایم اے سٹیڈیم جموں پر کام جلد از جلد شروع کریں تاکہ اس سٹیڈیم میں بھی کووِڈ کیئر سینٹر قائم کیا جاسکے۔ جے کے ایم ایس سی ایل کے لئے حال ہی میں تعینات کئے گئے منیجنگ ڈائریکٹر یشپال شرما نے کہا کہ کووِڈ کیئر مراکز کے قیام کے لئے محکمہ صحت کے رہنما خطوط پر عمل کیا جارہا ہے ۔