کورونا کرفیو کے پیش نظرتیسرے ہفتے بھی سنڈے مارکیٹ بند رہا

 سرینگر// وادی میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی اتوار کو مکمل کورونا کرفیو کے پیش نظر عام زندگی کی رفتار تھم گئی اور بازاروں میں جہاں سناٹا دیکھنے کو ملا وہیں سنڈے مارکیٹ بھی بند رہا۔ ہفتہ وار لاک ڈائون کے پیش نظر اس ہفتے57گھنٹوں تک جاری رہنے والے لاک ڈائون میں اتوار کو سرینگر سمیت دیگر تمام علاقوں میں بازار سنسان نظر آئے جبکہ گلی کوچوں میں ویرانی دیکھنے کو ملی۔اتوار کو بھی وادی کے شمال و جنوب میں مکمل بندشیں عائد رہیںجبکہ عام کاروبار بھی متاثر رہا۔ سرینگر میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی سنڈے مارکیٹ نہیں سجا ۔ وادی میں اتوار کے روز بھی ہفتہ وار لاک ڈاون نافذ رہنے سے کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئیں۔ وادی کے کونے کونے میں 57گھنٹوں پر محیط لاک ڈائون نافذ کیا ہے ۔یہ لاک ڈائون جمعہ کی شام 9 بجے سے شروع ہو کر پیر کی صبح چھ بجے ختم ہورہا ہے۔ شہر کے تمام بازار بند ہیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی معطل ہے ۔ لاک ڈائون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے کئی مقامات پر پولیس کے ناکے لگا دئے گئے اور اہم جگہوں پر فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا تھا ۔ اتوار کے پیش نظر لوگوں نے گھروں میں ہی بیٹھنے کو ترجیح دی ۔ سرینگر کے پائین شہر میں بھی ایسی ہی صورتحال دیکھنے کو ملی جس کے نتیجے میں سڑکوں پر اکا دکا نجی گاڑیاں ہی دوڑتی ہوئی نظر آئیں۔شہر میں اتوار کو سنڈے مارکیٹ بھی مسلسل تیسرے ہفتے بند رہا جس کے نتیجے میں ٹی آر سی سے لیکر امیراکدل پل اور اور ہری سنگھ ہائی سٹریٹ سے لیکر بٹہ مالو تک بند رہا۔ وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات اور قصبہ جات میں بھی اتوار کو لاک ڈائون نافذ رہا اور بازاروں میں دکانیں بند اور ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی۔