کورونا کا خوف دور کرنے کیلئے بیداری پیدا کرنے کی ضرورت : ڈاکٹر سوشیل

جموں // نامور ماہر امراض قلب ڈاکٹر سوشیل نے اتوارکے روز گول گجرال میں ایس او ایس چلڈرن ولئیج کا دورہ کیا او وہاں بچوں سے تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ کووڈ نے ایسے چائیلڈ کئیر سنٹروں میں بچوں میں رسک بڑھا دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ وبا کی وجہ سے سماجی خدمات متاثر ہوئی ہیں،جسکی وجہ سے بچوں کے صحت کی دکھ بھال کی رسائی میں کمی آئی ہے۔ایسے حالات میں معمول کی چیک اپ ضروری ہے ،تاکہ بچوں کو خطرناک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوڈ-19 کے دوران بیداری پیدا کرنے کے علاوہ ہمیں یہ بھی یقینی بنانا چاہئے کہ کووڈکے بارے میں افواہوں اور غلط فہمیاں صحت کی خدمات خصوصا ًخواتین اور بچوں تک رسائی کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ اس طرح ، بچوں کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کی بیداری اور خوف کو دور کرنا ان کی ترجیح ہونی چاہئے ، انہوں نے زور دیاکہ کووڈ-19 کے دوران اپنائے جانے والے مختلف حفظان صحت کے اقدامات کے بارے میں بچوں کو قابل فہم بنانے کے لئے مختصر ویڈیو کلپنگس اور دستاویزی فلموں کی مدد لی جائے۔ اسی طرح یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کووڈ-19 کے علامات بچوں اور بڑوں میں ایک جیسے ہیں اور یہ عام سردی ، گلے کی درد اور الرجی کی طرح نظر آتے ہیں۔ تاہم ، بچوں میں سب سے عام علامات بخار اور کھانسی ہیں لیکن انہیں سانس ، گلے کی سوزش ، ذائقہ اور بو کی کمی ، پیٹ میں درد ، تھکاوٹ اور جسمانی تکلیف ہوسکتی ہے۔ لہذا ، ایسے حالات میں اس طرح کے علامات کی نگرانی لازمی ہوجاتی ہے۔ اس موقعہ پر موجود لوگوں میں ڈائریکٹر ، ایس او ایس چلڈرن ولیج جاگیر داس ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سورب ،  روہت کھجوریہ ، وکاس کمار ، اکشے کمار اور راج کماربھی شامل تھے۔