کورونا کا بڑھتا بحران | لگاتار دوسرے روز11 لاکھ نمونوں کی جانچ

نئی دہلی//ملک میں عالمی وبا کوڈ 19 کے قہر سے بچنے کیلئے کے لئے 3 ستمبر کو لگاتار دوسرے دن 11 لاکھ سے زائد کورونا نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا۔جمعہ کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 3 ستمبر کو 11 لاکھ 69 ہزار 765 کورونا نمونوں کی جانچ کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں چار کروڑ 66 لاکھ 79 ہزار 145 کورونا نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا ہے ۔ملک میں پہلی بار2 ستمبر کو 11 لاکھ سے زیادہ کورونا نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا۔ بدھ کے روز 11 لاکھ 72 ہزار 179 نمونوں کی ریکارڈ جانچ کی گئی ، جو دنیا میں ایک دن میں سب سے زیادہ جانچ کا ریکارڈ ہے ۔خیال رہے ملک میں کورونا کے بڑھتے اثرات کے پیش نظراس کی روک تھام کے لئے جانچ ، علاج اور رابطے کا پتہ لگانے پر مستقل زور دیا جارہا ہے ۔یکم ستمبر کو 10 لاکھ 12 ہزار 367 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ پندرہ دن کے اندر یہ چوتھا موقع ہے جب ایک دن میں کورونا وائرس کے دس لاکھ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی گئی۔اس سے قبل 29 اگست کو ملک میں ریکارڈ 10 لاکھ 55 ہزار 27 نمونوں کا ٹسٹ کیا گیا تھا اور 21 اگست کو 10 لاکھ 23 ہزار 836 کورونا ٹسٹ کئے گئے تھے اور تب ہندوستان کورونا وائرس کا ایک دن میں 10 لاکھ سے زیادہ ٹسٹ کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا تھا۔ ادھرملک بھر میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کی جانچ کرنے والی لیباریٹریوں کی تعداد بڑھ کر 1631 ہوگئی ہے ۔