کورونا ویکسین نہ کرنے کی صورت میں

 جموں //امجد شاہ//سیول سیکریٹریٹ جموں اور سرینگر میں کام کرنے والے 202ملازمین کوسیول سیکریٹریٹ میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر وہ ایک ہفتہ کے اندر اندر کورونا مخالف ٹیکہ نہیں لگائیں گے۔ ملازمین کی طرف سے کورونا مخالف ویکسین نہ لینے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے عمومی انتظامی محکمہ نے تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکریٹریز کو ہدایت دی ہے کہ وہ جموں اور کشمیر سیول سیکریٹریٹ میں ویکسین نہ لگانے والے 202ملازمین کی ٹیکہ کاری ایک ہفتہ کے اندر اندر یقینی بنائیں۔جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں لکھا گیا ہے کہ اگر باقی ماندہ ملازمین ایک ہفتہ کے اندر اندر ویکسین نہ لگائیں تو انہیں جموں اور سرینگر سیول سیکریٹری میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سے قبل ایک سینئر افسر نے بتایا کہ جنرل ایڈمینسٹریشن نے تمام محکمہ جات کو 10جو تک ٹیکہ کاری مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن کئی محکمہ جات کی رپورٹوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ابھی بھی 202ملازمین کی ٹیکہ کاری نہیں ہوئی ہے۔مذکورہ افسر نے بتایا کہ کورونا مخالف ٹیکہ کاری کی سہولیات سیکریٹریٹ میں دستیاب ہے لیکن چند ملازمین ویکسین لگانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔