جموں//(یو این آئی) محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے کہا ہے کہ کورونا قہر کی وجہ سے لوگوں بالخصوص خواتین، عمر رسیدہ افراد اور بچوں کی ذہنی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو دور کرنے کے لئے مربوط اقدام کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے ماہ مئی سے جاری کیا جانے والا 'سکون' پروگرام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد لوگوں کے ذہنی صحت کو بہتر بنائے رکھنا ہے اور لوگوں کے دلوں سے کورونا کے خوف کو دور کرنا ہے۔محکمہ کی طرف سے ہر سنیچر کو نو بجے دور درشن کے ڈی ڈی کاشر چینل پر 'سکون' پروگرام نشر کیا جاتا ہے جس میں ماہرین کورونا کے بیچ زندگی گذرانے کے بارے میں ہدایات و مشورے دیتے ہیں تاکہ لوگ ذہنی دباؤ کا شکار نہ ہوجائیں۔سید سحرش اصغر نے یو این آئی کو بتایا کہ 'سکون' لوگوں کو کورونا کے بیچ سکون کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی ایک پہل ہے جو لوگوں کو وبا کے بیچ ذہنی دباؤ سے نجات حاصل کرنے میں کافی مدد گار ثابت ہورہا ہے۔انہوں نے کہا: 'کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی طرح جموں وکشمیر یونین ٹریٹری انتظامیہ بھی انسانی جانوں کے تحفط کے لئے لاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہوئی۔ اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں بالخصوص خواتین، عمر رسیدہ افراد اور بچوں کے ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں جس کے سدباب کے لئے ہم نے سکون پروگرام شروع کیا جس کی عوامی سطح پر کافی پذیرائی ہورہی ہے اور یہ کافی مدد گار بھی ثابت ہورہا ہے'۔ڈاکٹر سحرش نے کہا کہ اس پروگروم کے تحت ماہرین نفسیات، سائنس دانوں اور داکٹروں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں جو لوگوں کو اس وبا کے دوران زندگی گذارنے کے لئے مشورے دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک اس پروگرام کے چار قسط ٹیلی کاسٹ ہوئی ہیں جن میں ماہرین نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی اور کورونا کے بیچ لوگوں کو اٹھائے جانے والے ضروری اقدام و تدابیر سے روشناس کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں میں پیدا ہورہی اضطرابی وبے چینی کے ماحول کو دور کرنے کے لئے کونسلنگ پروگرام منعقد کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
کورونا وبا کے دور میں ’سکون‘ پروگرام
