کورونا وبا میں معالجین کی خدمات ناقابل فراموش: ڈاکٹر فاروق

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ڈاکٹری کے مقدس پیشہ سے وابستہ افراد کو قومی یومِ معالجین کے موقعہ پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے ڈاکٹر صاحبان نے عالمگیر وبائی بیماری کورونا وائرس کے دوران قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے جو ناقابل فراموش خدمات انجام دیں اُس کے لئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے ڈاکٹر حضرات ملک اور دنیا میں کسی بھی طورکم نہیں اور حالیہ ایام میں کورونا وائرس کی خطرناک بیماری کے دوران جس طرح سے ہمارے ڈاکٹر حضرات نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال اس بیماری میں مبتلا مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج و معاجہ فراہم کیا ہے اُسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ڈاکٹر فاروق نے کورونا وائرس کے دوران اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے جاں بحق ہوئے ڈاکٹر حضرات کو بھی زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ COVID-19کے دوران انسانی جانوں کو بچانے کیلئے ہمارے ڈاکٹر حضرات نے جو رول ادا کیا وہ آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگا۔پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور ڈاکٹر سجاد شفیع اوڑی نے بھی یوم معالجین کے موقعے پر جموںوکشمیر کے معالجین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔