کورونا وائرس|2فوت، 65متاثر

سرینگر // جموں و کشمیر میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 23ہزار 667ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 65کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 25ہزار 117ہوگئی ہے۔ ان میں 73ہزار 422کشمیر جبکہ 51ہزار 695جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ جمعرات کو مزید 2افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1945ہوگئی ہے۔ ان میں 1225کشمیر جبکہ 722جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ نئے 65معاملات میں 15جموں جبکہ 50کشمیر میں سامنے آئے ہیں۔ کشمیر کے تازہ متاثرین میں 20سرینگر، 6بارہمولہ، 4بڈگام، 6پلوامہ، 1کپوارہ، 5اننت ناگ، 1بانڈی پورہ، 5گاندربل، 1کولگام اور ایک شوپیان سے تعلق رکھتا ہے۔ جموں صوبے کے 15متاثرین میں 9ضلع جموں اور 6ادھمپور سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ جموں کے راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ، سانبہ، کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔

مزید 2فوت 

پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کشمیر صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 2افراد  فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک کا تعلق سرینگر جبکہ ایک بانڈی پورہ سے تعلق رکھتا ہے۔ سرینگر میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ بٹہ پورہ حضرت بل سے تعلق رکھنے والی 65سالہ خاتون سکمز صورہ میں کورونا وائرس سے فوت ہوگئی ہے‘‘۔بانڈی پورہ میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ نائید کھئے سے تعلق رکھنے والا ایک 55سالہ شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے سکمز صورہ میں فوت ہوگیا ہے۔ 

 حکومتی بیان

 سرکاری بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,25,117معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے628سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,22,542اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد1,947تک پہنچ گئی ،جن میں سے 1,225کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور722کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران جمعرات کو مزید40فرادشفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے06اَفراداور کشمیر صوبے کے34اَفرادشامل ہیں۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 47,76,402ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے  11؍فروری 2021  کی شام تک 46,51,285نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔