کورونا وائرس کی پھر اونچی چھلانگ | 43دن بعد 150 متاثر

سرینگر //جموں و کشمیر میں 43دنوں کے بعد کورونا وائرس سے روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 150 تک پہنچ گئی ہے۔ سنیچر کو جموں و کشمیر میں دوسرے دن بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 41ہزار 649ٹیسٹ کئے گئے جن میں 5مسافروں سمیت مزید  151افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 23ستمبر کو جموں و کشمیر کورونا وائرس سے 172افراد متاثر ہوئے تھے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 32ہزار 911تک پہنچ گئی ہے۔ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 151افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں میں 16جبکہ کشمیر میں 135افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاچر ہونے والے 135افراد میں 2بیرون ریاستوں سے سفر کرکے وادی پہنچے جبکہ کشمیر میں 133افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 135افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 79 یعنی58فیصد، بارہمولہ میں 14، بڈگام میں 12،پلوامہ میں 1،کپوارہ میں 7،اننت ناگ میں 3، بانڈی پورہ میں 9، گاندربل میں 10جبکہ کولگام اور شوپیاں میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 8ہزار 491تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران وادی میں سنیچر کو کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 2263بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور، کٹھوعہ،کشتواڑ، سانبہ، رام بن جبکہ دیگر 5اضلاع میں16افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 3بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ دیگر 13افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 5اضلاع میں متاثر ہونے والے 16افراد میں سب سے زیادہ جموں میں 5، راجوری میں1، ڈوڈہ میں 3، پونچھ میں 3 جبکہ ریاسی میں4افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ 24ہزار 420تک پہنچ گئی ہے۔ جموں صوبے میں بھی سنیچر کو کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2177بنی ہوئی ہے۔