کورونا وائرس کی لہر میں بدستور کمی| 57دن بعد تعداد صرف 100

سرینگر //جموں و کشمیر میں 57دنوں کے بعد کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 100ہوگئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 66ہزار 318ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4سفر کرنے والوں سمیت مزید 100افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 28جنوری کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی کل تعداد 92تھی۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 52ہزار 647ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں ایک اور شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ جموں و کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 4748ہوگئی ہے۔ بدھ کی شام محکمہ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ  جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید  100 افراد متاثر ہوئے ہیں میں 70جموں صوبے میں جبکہ کشمیر میں 30افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر صوبے میں متاثر ہونے والے سبھی 30افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سرینگر میں 12، بارہمولہ میں 5 ، بڈگام میں 6،کپوارہ میں2، اننت ناگ میں 3، بانڈی پورہ میں 2جبکہ پلوامہ ، گاندربل، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 86ہزار 941تک پہنچ گئی ہے۔ وادی میں مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 2423ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 70افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 4بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ دیگر 66افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثر ہونے والے 66افراد میں ضلع جموں میں29، ادھمپور میں 3، راجوری میں 1، ڈوڈہ میں25، کٹھوعہ میں 6، سانبہ میں 1، پونچھ میں 1، رام بن میں 4جبکہ کشتواڑ اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 65ہزار 706ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مزید ایک شخص کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی جنگ ہار چکا ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2325ہوگئی ہے۔ 
 
 

ملک میں 15ہزار متاثر، 278ہلاکتیں

نئی دہلی/یو این آئی/ ملک میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کے کیسز میں اتار چڑھاؤ کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکت خیز وبا کے نئے کیسز کے مقابلے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد دوگنی سے بھی زیادہ درج کی گئی ہے ، حالانکہ وبا کی وجہ سے لوگوں کی ہلاکتیں اب بھی تشویش کا باعث ہیں۔ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 278 افراد جاں بحق ہوئے جس کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 12 ہزار 622 ہوگئی۔ اسی عرصے کے دوران 15,102 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو ایک دن پہلے درج کیے گئے 13,405 کیسز سے زیادہ ہیں۔ نئے کیسز کے ساتھ ملک میں متاثرہ افراد کی کل تعداد چار کروڑ 28 لاکھ 67 ہزار 31 ہو گئی ہے ۔