جموں// کورونا وائرس کی تیسری لہر اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور بتدریج کورونا معاملات میں کمی آرہی ہے ۔پیر کو صوبہ جموں میں صرف 160نئے کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ کوئی فوتگی بھی نہیںہوئی ہے ۔ اس دوران مزید339افراد اس بیماری سے شفایاب ہوئے۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ اَب تک نوول کورونا وائرس کے4,51,016معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے4,903(صوبہ جموں میں 2,108 اور کشمیر صوبے میں2,795)سر گرم معاملات ہیں۔اَب تک 4,41,368اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔بلیٹن میں مزید کہاگیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع جموں میں38،ضلع اودھمپور میں 04،ضلع راجوری میں08،ضلع ڈوڈہ میں65،ضلع کٹھوعہ میں 02،ضلع کشتواڑ میں 01،ضلع پونچھ میں01، ضلع رام بن میں27اور ضلع رِیاسی میں14نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ضلع سانبہ سے کوئی کووِڈ مثبت معاملے کی رِپورٹ نہیں آئی ہے۔خیال رہے کہ صوبہ میں اب تک 2,323افراد کی موت کووڈ سے واقع ہوئی ہے۔علاوہ ازیں اَب تک59,78,842افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں31,499اَفراد کو گھریلو قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔4,903فراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ4,41,363اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطابق54,96,332اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 2,24,10,853ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 14؍فروری 2022کی شام تک2,19,59,837نمونوں کی رِپورٹ منفی اور 4,51,016 نمونوں کی رِپورٹ مثبت پائی گئی ہے۔کووڈ ٹیکہ کاری کے بارے میں بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 43,769کووِڈ حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں جس سے ٹیکوں کی مجموعی تعداد 2,11,51,748تک پہنچ گئی ہے ۔اِس کے علاوہ جموں و کشمیر میںزائد اَز 18 برس عمر کی صد فیصد آبادی کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔
رام بن میں کووڈ ایس او پیز کا سختی سے نفاذ | ٹیکہ کاری اور جانچ کا عمل بھی جاری
رام بن// ضلع امیونائزیشن آفیسر رام بن ڈاکٹر سریش کے مطابق محکمہ صحت نے پیر کو ضلع میں 15سے17 سال کی عمر کے گروپ کے 978 بچوں سمیت 1248 لوگوں کو کووڈ ویکسین کی خوراکیں دیں۔اسی دوران ضلع بھر میں کووِڈ پروٹوکول کو نافذ کرنے کے لیے انفورسمنٹ مہم کو جاری رکھتے ہوئے، انفورسمنٹ ٹیموں نے خلاف ورزی کرنے والوں سے اپنے اپنے دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 29ہزار 200 روپے جرمانہ عائد کیا۔ تفصیلات کے مطابق یکم اپریل 2021 سے لے کر اب تک جرمانے کی کل رقم91لاکھ 60ہزار50روپے وصول کی گئی۔ انفورسمنٹ افسران نے لوگوں سے چہرے کے ماسک پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ اپنے قریبی کویڈ ٹیکہ کاری مراکز پر کووِڈ ویکسین کی خوراک لینے کی تاکید کی۔چیف میڈیکل آفیسر رام بن ڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق، محکمہ صحت نے 3753 نمونے اکٹھے کیے ہیں جن میں 760 آر ٹی-پی سی آر اور 2993آر اے ٹی نمونے شامل ہیں، اس کے علاوہ ضلع کے مختلف مخصوص ویکسی نیشن مراکز میں 1248 افراد کو کووِڈ ویکسین دی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کی شطرنج چمپئن آروشی کوتوال کو مبارکباد
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں نوجوان شطرنج چمپئن آروشی کوتوال کو مبارکباد دی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کوتوال کو شطرنج میں کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات جیت کر جموں و کشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی ۔ آروشی کوتوال جو گرینڈ ماسٹر بننے کی خواہش رکھتی ہیں ، کو حال ہی میں شطرنج چیمپین شپ میں ان کی کامیابیوں کیلئے پردھان منتری راشٹریہ بال پراسکار سے نوازا گیا ۔ کوتوال سے بات چیت کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ان کے آنے والے شطرنج کے مقابلوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں یو ٹی انتظامیہ کے محکمہ کھیل کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ آروشی کے ساتھ ان کے والد اور ان کی بہن بھی تھیں ۔ اس کا تعلق ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے سے ہے ۔ بعد میں بی ڈی سی چیئر پرسن اوڑی محمد رفیق بلوٹے نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور اوڑی علاقے میں سیاحتی مقامات کی ترقی سے متعلق مختلف مسائل پیش کئے ۔ بی ڈی سی چیئر پرسن کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ یو ٹی حکومت مختلف سیاحتی سرکٹس تیار کر کے اور نئے غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کی نشاندہی کر کے جموں و کشمیر کی سیاحت کی مکمل صلاحیتوں کو تلاش کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ بات چیت کے دوران پیش کئے گئے مسائل کو زیر غور لایا جائے گا ۔
قومی شاہراہ پر گاڑیوںکی آمدورفت بلا خلل جاری
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری ہے اور پیر کے روز دو طرفہ ٹریفک میں مسافر اور یکطرفہ ٹریفک میں مال بردار گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا رخ کیا۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ منگل کے روز شاہراہ اور موسم کی کی بہتر صورتحال کے پیش نظر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے مال بردار ٹرفک کو وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے کی اجات ہوگی۔اس دوران اتوار اور پیر کی درمیانی رات بانہال اور چملواس کے درمیان روم پڑی کے مقام سٹیل ٹنل کے پاس فورلین شاہراہ کی کٹائی کے دوران سڑک پر پتھر گرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت وقفے وقفے سے کئی گھنٹوں تک متاثر رہی اور پیر کی علی الصبح ہی معمولی کے ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کی گئی۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ رتن باس کے مقام شاہراہ کی تعمیر کے سلسلے میں جاری کھدائی کے دوران پتھر سڑک پر گر آئے اور ٹریفک کی نقل وحرکت یکطرفہ ہو کر رہ گئی اور کئی گھنٹوں تک ٹریفک وقفے وقفے سے متاثر رہا تاہم آدھی رات پر معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا تھا۔
مقامی پنچایتی نمائندے دیہی ترقی ملازمین کے دفاع میں آگئے | 10روز کے اندر کارروائی نہ کرنے کی صورت میں مستعفی ہونے کی دھمکی
عاصف بٹ
کشتواڑ//چند روز قبل محکمہ دیہی ترقی بلاک مغل میدان میں وینڈڑ کے نام پرپیسے نکالنے کے الزام پر 13ملازمین کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کیاتھا جسکے بعد کل مقامی سرپنچوں، ڈی ڈی سی ممبران پولیس کی جانب سے عمل میں لائی گئی کاروائی پرسوال اٹھاتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کے حق سامنے آئے۔سرپنچ پنچائت ٹاگود کپٹن لکشمن داس نے بتایا کہ چند عناصر علاقہ مغل میدان کا ماحول خراب کرنے نکلے ہیںاور بلاوجہ ملازمین کو بدنام کرانا چاہتے ہیں۔انھوں نے ایس ایچ او چھاترو کی جانب سے درج کئے گئے مقدمے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انھیں اسکی تحقیقات کرنی چاہئے تھی اگر اسطرح سے کیا گیا تو جس مقصد کیلے پنچایتی نمایندگان کو منتخب کیا گیا ہے،وہ تعمیرو ترقی کے کام نہیں کرپائیںگے۔انھوں نے بتایا کہ ہم ضلع انتظامیہ و لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے ایسے عناصرکے خلاف کاروائی کی مانگ کرتے ہیں۔ایک اور مقامی سرپنچ نے بتایا کہ اگر بلاک کے اندر کوئی کام ہوتا ہے تواسکی جانکاری سرپنچ کوہوتی ہے جبکہ اُسے کوئی پتہ ہی نہیں ہوتااور لوگ پولیس تھانہ میں درخواست دیتے ہیں جبکہ ہمیں بھی اسکی علمیت ہونی چاہئے۔وینڈر گرام سبھا میں بنالیتے ہیںجبکہ پولیس زبردستی مقدمہ درج کرکے عوام کو ہراساںکررہی ہے جس سے ہمارے علاقے کا نام خراب ہورہا ہے۔انہوںنے کہا کہ پولیس کو اس معاملے مداخلت نہیں کرنی چاہئے جبکہ یہ کام انتظامیہ کا کام ہے اور ضلع انتظامیہ اسکے خلاف کاروائی کرے اگرکوئی بھی اسمیں ملوث پایا گیا۔سگدی کے سرپنچ شبیر لون نے بتایا کہ بلاک مغل میدان ضلع کے اندر سبھی بلاکوں سے آگے تھا جہاں سبھی کام ہوتے تھے، 15 کروڑ روپے لوگوں کے کھاتوں میں ڈالا جاچکا ہے جبکہ بلاک کے اندد چند بلیک میلر موجودہیںاور انتظامیہ ان کے خلاف سخت کاروائی کرے کہ کس طرح وہ سرکاری کاموں کے اندر مداخلت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سرکاری ملازمین کے خلاف اگر کوئی مقدمہ درج کیا جائے تو اس سے قبل اسکی تحقیقات ہونی چاہئے اور اگر دیہی ترقی کے ملازمین کو مزید تنگ کیا گیااور ان بلیک میل کرنے والوں کے خلاف 10روز کے اندرکاروائی نہ ہوئی تو وہ سبھی دیگر ممبران کے ہمراہ استعفیٰ دینگے۔
ڈی ڈی سی ممبر و سرپنچ کا اختلافی موقف،ایف آئی آرجائزقراردی | کہا آج بلاک مغل میدان میں احتجاج ہوگا ،مکمل تحقیقات کی مانگ
عاصف بٹ
کشتواڑ// دیہی ترقی ملازمین کے خلاف پولیس کی جانب سے درج مقدمے کولیکر مقامی پی آر آئی ممبران ایک دوسرے کے سامنے آگئے ہیں ۔جہاں ایک طرف چند سرپنچوں نے انکی حمایت کی وہیں دوسری طرف ڈی ڈی سی ممبر و سرپنچ انکے خلاف سامنے آئے۔ ڈی ڈی سی ممبر ٹھکرائی شریفہ بیگم نے پریس کانفرس کے دوران بتایا کہ چند سرپنچوں نے ہمارے حلقہ کی عوام کے خلاف بدسلوکی کی جو ناقابل برداشت ہے اور ہم حلقہ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ پولیس کی کاروائی بھی قابل تعریف ہے۔انکے خاوند و کیشوان اے کے سرپنچ فاروق کرایپاک نے بتایا کہ ہمارے حلقہ میں ٹاگود ، کوچھال و سگدی علاقے کے سرپنچ آکر ہمارے لوگوں کے خلاف بول رہے ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے مغل میدان کے اندرلاکھوں کروڑوں روپے کے گھوٹالے کے خلاف اگرآواز اٹھائی جس کے بعدپولیس نے انکے خلاف کاروائی کی اور ہمیں پولیس کے ساتھ ہونا چاہئے تھا ۔انہوںنے کہا کہ ہم رشوت خوری کے خلاف ہے نہ کہ افسران کیخلاف ۔ انہوںنے کہا کہ جس شخص محکمہ کے افسران کے خلاف درخواست دی تھی ،اس کو پولیس نے تین روز تک بند کرکے رکھا اور کل شام اسے چھوڑا گیا۔انھوں نے کہا کہ وہ آج مغل میدان میں اسکے خلاف احتجاج کرینگے اور مغل میدان کوبند کرینگے ۔ان کا کہناتھا کہ جب تک حقیقت کو سامنے نہیں لایاجاتا ،احتجاج جاری رہے گااور سبھی علاقوں کے لوگ آکر اس احتجاج میں شرکت کریں گے۔انہوںنے دعویٰ کیا کہ پوری عوام پولیس کے ساتھ کھڑی ہے اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے
کانگریس کارکنوں کا گندوہ گواڑی میں احتجاجی مظاہرہ | بھلیسہ کو علیحدہ اسمبلی حلقہ و گجر بکروال طبقہ کیلئے 1 نشست مخصوص رکھنے کی مانگ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //کانگریس کمیٹی بلاک چنگا کی طرف سے پیر کے روز ڈوڈہ ضلع کے سب ڈویڑن گندوہ میں احتجاج کیا جس دوران مظاہرین نے سرکار و حد بندی کمیشن کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے فرقہ وارانہ بنیادوں پر نئی اسمبلی حلقوں کی تشکیل عمل میں لانے کا الزام عائد کیا۔ بلاک صدر یاسر خان، بی ڈی سی چیئرمین محمد عباس راتھر و سابق بلاک صدر اوم پرکاش پریہار کی قیادت میں بس اڈہ گواڑی سے ایک احتجاجی جلوس بھی نکالا۔اس موقع پر بولتے مقررین نے گذشتہ دنوں حد بندی کمیشن کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت کے اشارے پر یہ مسودہ تیار کیا ہے جو کہ ہر خطہ و ذات کو منظور نہیں ہے۔بھلیسہ کو علیحدہ اسمبلی حلقہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ 1952 سے 1967 تک بھلیسہ بونجواہ کے نام سے الگ اسمبلی حلقہ رہا ہے پھر اسوقت کے حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفاد کی خاطر اس حلقہ کو بھدرواہ و اندروال میں تقسیم کیا۔کانگریس کارکنوں نے خطہ چناب کے گجر و بکروال طبقہ کو نظر انداز کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار جہاں ان لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے بلند بانگ دعوے کرتی ہے وہیں دوسری طرف ان کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حد بندی کمیشن جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ کھلواڑ کرکے فرقہ وارانہ بنیادوں پر اسمبلی حلقوں کا قیام عمل میں لایا ہے۔انہوں نے خطہ چناب میں ایک نشست گوجر طبقہ کے لئے مخصوص کرنے و بھلیسہ کو علیحدہ اسمبلی حلقہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈوڈہ میں منشیات مخالف کارروائی جاری | ٹھاٹھری سے 750 گرام چرس ضبط، 1 شخص گرفتار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //منشیات مخالف کارروائیوں ک جاری رکھتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے ٹھاٹھری میں خصوصی ناکہ کے دوران 1 شخص کو گرفتار کر کے 750 گرام چرس ضبط کی ہے۔ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیر کے روز ایس ایچ او ٹھاٹھری امرت کٹوچ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ہنیجہ کے مقام پر ناکہ لگایا جس دوران ایک شخص مشکوک حالت میں فرار ہوا تاہم پولیس نے اسے پکڑ کر 750 گرام چرس ضبط کی۔اس کی شناخت ایاض احمد ولد عبدالقیوم ساکنہ بلوانہ محالہ کے طور پر ہوئی ہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ ٹھاٹھری میں ایف آئی آر زیر نمبر 23/2022 زیر دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ سے ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر پولیس نے بھاری مقدار میں نشہ آور چیزیں ضبط کر کے منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے ۔
ڈوڈہ میں صحتیابی کی شرح میں اضافہ | پیر کو کووڈ 19 کے 65 نئے مثبت معاملات، 118 مریض صحتیاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پچھلے ایک ماہ تک کووڈ 19 کے معاملات میں اضافہ ہونے کے بعد اب ضلع میں صحتیابی کی شرح بڑھ رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کووڈ جانچ کے دوران 65 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ 118 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 515 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 10480 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 144 افراد فوت ہوئے ہیں اور 684222 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
ایل جی لداخ کی ڈاکٹر جتیندر سے ملاقات | برفانی مجسمہ سازی سٹارٹ اپ ٹیکنالوجی کی استدعا
نئی دہلی//لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے ماتھر نے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) سائنس اور ٹیکنالوجی ڈاکٹر جیتندر سنگھ سے ملاقات کی اور برفانی مجسمہ سازی سٹارٹ اپ ٹیکنالوجی کی استدعا کی، جو کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت کی سربراہی میں کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (CSIR) فراہم کر سکتی ہے ۔وزیر نے ایل جی کو یقین دلایا کہ لداخ میں برف کے مجسمے کو بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جائے گا، جس سے نہ صرف مقامی لوگوں کے لیے اسٹارٹ اپ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ یہ موسم سرما کے سیاحوں کے لیے ایک بڑی کشش کے طور پر ابھرے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ، دیر سے، بیرونی برف آرٹ اور برف سے متعلق پیشہ ورانہ راستے دنیا کے دیگر ممالک میں سرد آب و ہوا اور برف پوش خطوں میں کرنسی حاصل کر چکے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لداخ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ اس سال اپریل-مئی سے "لیہ بیری" کی تجارتی شجرکاری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ماتھر نے یہ بھی بتایا کہ تین دواؤں کے پودوں کی تجارتی کاشت اس موسم بہار میں 15,000 فٹ سے اوپر کی بلندی پر شروع ہوگی۔ اس میں "سنجیونی مال" بھی شامل ہے، جسے مقامی طور پر "سولا" کے نام سے جانا جاتا ہے جس میں بہت زیادہ زندگی بچانے والی اور علاج کی خصوصیات ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایل جی، لداخ کو بتایا کہ جوہری توانائی کا محکمہ پھلوں اور سبزیوں کے تحفظ/شیلف لائف میں توسیع کے لیے گاما شعاع ریزی ٹیکنالوجی کے لیے UT میں سہولیات قائم کرے گا۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پہلی بار خوبانی کی بڑی مقدار دبئی کو برآمد کی گئی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مشہور پشمینہ بکریوں کی بیماریوں کے علاج کے لیے لیہہ اور کرگل میں دو دو تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کے لیے CSIR کی تعریف کی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ماتھر کو بتایا کہ CSIR کے سینئر سائنس دانوں کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم اس موسم گرما میں لداخ کا دورہ کرے گی تاکہ پشمینہ بکریوں، بھیڑوں اور یاک کے لیے زنک فورٹیفیکیشن پروجیکٹ کا جائزہ لے کیونکہ لداخ بنیادی طور پر جانوروں پر مبنی معیشت ہے۔ انہوں نے کہا، سی ایس آئی آر ایک جیو تھرمل انرجی پراجیکٹ کو شمسی توانائی سے جوڑ کر زیرو نیٹ انرجی پروگرام میں وارمنگ اور کولنگ سسٹم کے لیے شروع کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا، وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ کے نوجوان یونین ٹیریٹری کو اعلیٰ ترجیح دی جس سے نئی یونیورسٹی، پروفیشنل کالج اور دیگر اداروں کی منظوری ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا، زوجیلا پاس کا کھلنا مقامی آبادی کے لیے بہت بڑی راحت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈی اے آر پی جی کے ذریعے افسران اور عملے کی تربیت کے لیے مرکزی زیر انتظام حکومت کی درخواست کا جواب دینے کے لیے وزیر کا شکریہ ادا کیا، جس نے پہلے ہی دو وسیع تربیتی سیشن منعقد کیے ہیں۔ انہوں نے لداخ میں AGMUT کیڈر کے افسران کی زیادہ تعداد کی تعیناتی کی بھی درخواست کی تاکہ نئے مرکزی اسپانسر شدہ منصوبوں اور اسکیموں کو شروع کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر کو ان کی مسلسل حمایت کے اعتراف سے بھی آگاہ کیا جو مرکزی زیر انتظام حکومت ہر چھوٹے یا بڑے مسئلے کے لیے مرکزی وزارت داخلہ سے حاصل کر رہی ہے۔
شیوسینا کا خصوصی درجہ کیساتھ ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ | سرینگر ایئرپورٹ کو پروفیسر بلراج مدھوک سے منسوب کرنے کی اپیل
سری نگر//شیوسینا جموں و کشمیر یونٹ نے جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت کے ساتھ ریاست کا درجہ مکمل طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پریس انکلیو سرینگرمیں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر منیش ساہنی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی سلامتی کے تحفظ کے لیے خصوصی درجہ دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی درجہ جموں و کشمیر کے مقامی نوجوانوں کے لیے ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں ریزرویشن کو یقینی بنائے۔ساہنی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام سے 5 اگست 2019 کو کئے گئے وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے اور جمہوریت اور ریاست کی بحالی کا انتظار طویل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور روزگار کا دعویٰ بھی محض جملہ ہی ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ حکومت پر عوام کا اعتماد ختم ہوتا جا رہا ہے کیونکہ لوگوں کو روزگار، ترقی، امن کی بحالی، تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات وغیرہ کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو پا رہی ہے۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے جمہوری عمل کی جلد بحالی اور جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت کے ساتھ ریاستی حیثیت کی بحالی کے علاوہ جموں و کشمیر کو براہ راست مالی مدد اور خصوصی ریلیف پیکیج دینے کی اپیل کی ۔دریں اثنا ساہنی نے پی ایم اور ایل جی سے سرینگر کے ہوائی اڈے کا نام تبدیل کرنے کی اپیل بھی کی اور اسے پروفیسر بلراج مدھوک کے نام سے منسوب کرنے کی اپیل کی جنہوں نے اپنی مثالی کوششوں سے سری نگر ہوائی اڈے کی حفاظت کی۔ ساہنی نے یاد دلایا کہ جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ الحاق کے وقت مدھوک نے سری نگر کے ہوائی اڈے کو قبائلی حملوں سے بچانے کے لیے تقریباً 200 رضاکاروں کے ساتھ سری نگر کے ہوائی اڈے کی حفاظت کی تھی، جس کی وجہ سے ہندوستانی فوج کے طیارے سری نگر کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتر سکے تاکہ کشمیر کو الحاق ہونے سے بچایا جا سکے۔ منیش ساہنی نے کشمیر میں پریس کلب کی عدم دستیابی کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے جو جمہوریت کے صحت مند چوتھے ستون کے قیام کے لیے ضروری پہلی اور سب سے اہم سہولت ہے۔ ساہنی نے کشمیر پریس کو بند کرنے پر حکام کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سے ناپسندیدہ پیشرفت ہے کیونکہ یہ وادی کے صحافیوں کی آواز کو دبانے کے مترادف ہے جو اس حساس مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حکمرانی کرنے والوں کے تکبر کی عکاسی کرتا ہے اور ان کی ذات، نسل، مذہبی یا علاقائی وابستگیوں سے قطع نظر سبھی کی مذمت کی جانی چاہیے۔
گہان، کشتواڑ میں ٹیلرنگ اور سلائی کورس شروع
کشتواڑ// فوج نے 14 فروری 2022 کو کشتواڑ ضلع کے گہان کی خواتین کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے 90 دن کے ٹیلرنگ اور سلائی کورس کا افتتاح کیا۔ اس تربیتی پروگرام میں نو بے روزگار خواتین مستفیدین کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مستفید ہونے والوں میں عسکری حملوں کا شکار ہونے والی خواتین، مستقل طور پر معذور اور ہلاک عسکریت پسندوںکے خاندان کے افراد اور خط غربت سے نیچے کی خواتین شامل ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے اس مرکز میں فوج نے دیگر سہولیات کے علاوہ نو سلائی مشینیں فراہم کی ہیں۔ سیلف ہیلپ گروپ جو تشکیل دیا گیا تھا، خواتین کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ان کی مدد اور مدد کرنے کے علاوہ، ان خواتین کو ایک دوسرے کا اعتماد اور خود اعتمادی پیدا کرنے کی ترغیب بھی دے گا۔ تقریب میں فوج کے نمائندوں کے علاوہ سرپنچ وشوناتھ پرتاپ نے بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرپنچ نے کہا کہ فوج کی یہ کوشش خطے میں زیادہ سے زیادہ فرقہ وارانہ اور سماجی ہم آہنگی لانے میں بہت آگے جائے گی اور یہ بھی سامنے لایا ہے کہ پسماندہ دور دراز علاقوں کی خواتین بھی خود بننے کی منتظر ہیں۔ خود کو بااختیار بنانے اور معیار اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بھروسا اور بھرپور کوشش کرنا۔ تقریب میں موجود گاؤں والوں نے اس اقدام کے لیے شکریہ ادا کیا اور ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی امید ظاہر کی۔
پلوامہ حملے کی تیسری برسی پر سی آر پی ایف کی تقریب
جموں// پلوامہ حملے کی تیسری برسی کے موقع پر سی آر پی ایف جموں کی تمام اکائیوں اور اداروں کی طرف سے ایک خراج عقیدت پروگرام "شردھانجلی پروگرام" کے طور پر منعقد کیا گیا جس میں 14 فروری 2019 کوجاں بھق ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس پروگرام کے دوران ویر ناری شازیہ کوثر بیوہ سعید نصیر احمد کواعزاز سے نوازاگیا۔اس موقع پر کمل سیسوڈیا نے یہ پیغام دیا کہ – "پلوامہ 2019 کا بزدلانہ خودکش حملہ بہت ہی افسوسناک اور تکلیف دہ تھا، لیکن اس حملے کے بعد، پچھلے تین سال میں، ہم نے بندو ق برداروںکو ہر محاذ پر شکست دی ہے اور جموں و کشمیر میں بہت سے بدنوق بردارمارے گئے ہیں۔ یہ ہمارے شہداء کو ہمارا حقیقی خراج تحسین ہے۔"
دھرمارتھ ٹرسٹ مہاشیو راتری سے پہلے مندرو ں کی تزئین و آرائش کیلئے تیار
جموں// دھرمارتھ ٹرسٹ کے دائرہ کار میں مندروں کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے اور امید ہے کہ یہ مہاشیو راتری سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔یہ بات ایڈوکیٹ اجے گنڈوترا، صدر جے اینڈ کے دھرمارتھ ٹرسٹ نے ایک بیان میں بتائی۔انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے دھرمارتھ ٹرسٹ کے چیئرمین ٹرسٹی کی سرپرستی میںرگھوناتھ جی مندر اور دیگر مندروں کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا کام زور و شور سے جاری ہے اور جلد ہی یہ کام مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورمنڈل شرائن میں مندروں کی فوری مرمت اور تزئین و آرائش کا کام بھی ڈپٹی کمشنر سانبہ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے ارکان کی رضامندی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی رفتار کے علاوہ استعمال شدہ میٹریل کے معیار اور کام کے لیے لگائے گئے کارکنوں کی مہارت پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔اجے گنڈوترا نے کہا کہ مہاشیو راتری کے آنے والے تہوار کی وجہ سے عجلت کو دیکھتے ہوئے، وہ دھرمارتھ ٹرسٹ کے سکریٹری ڈاکٹر گوپال پارتھاسرتھی شرما کے ساتھ مل کر کام کو تیز کرنے اور معیار کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ٹرسٹ کے صدر نے یہ بھی بتایا کہ رگھوناتھ مندر کے اندر ایک جدید ترین پرساد کاؤنٹر جلد ہی قائم کیا جائے گا جو عقیدت مندوں اور زائرین کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرتا ہے کیونکہ پہلے انہیں سیکورٹی فورسز کی طرف سے سامان کو اندر لے جانے کی پابندیوں کی وجہ سے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رگھوناتھ مندر کے مقدس مقدس کے شری رام دربار کا ایک یادگار کاپی رائٹس کے ساتھ پرساد کاؤنٹر پر رکھا جائے گا۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں رگھوناتھ جی مندر میں پوجا کرنے آئیں کیونکہ اس سے بچوں کو ثقافت سے جوڑنے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی اس تاریخی مندر کے اندر عبادت کرتے ہوئے منفرد روحانی تجربے کے ذریعے سب کو تسلی ملے گی۔
فنانس اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحانات | ڈی سی ڈوڈہ اور چیئرمین ایس ایس بی کاانتظامات پر تبادلہ خیال
ڈوڈہ// جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے چیئرمین خالد جہانگیر اور ڈوڈہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس شرما نے سوموار کو 6 مارچ 2022 کو منعقد ہونے والے اکاؤنٹس اسسٹنٹ فنانس امتحانات کے انعقاد کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین جے کے ایس ایس بی نے مذکورہ امتحان کے صاف اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون اور تعاون طلب کیا۔ انہوں نے ڈی ڈی سی کو مطلع کیا کہ جے کے ایس ایس بی نے پہلی بار او ایم آر امتحان کے انعقاد کے لیے تمام امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی سرویلنس سسٹم اور بائیو میٹرک حاضری لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی سی ڈوڈہ نے مکمل تعاون کو یقینی بنایا اور بتایا کہ مجسٹریٹس، سینٹر آبزرورز، فلائنگ اسکواڈز، انویجیلیٹر اسٹاف وغیرہ کی مناسب تربیت کے بعد کافی تعداد میں تعیناتی پہلے سے کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا کہ منصفانہ، شفافیت اور رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے انوجیلیٹر عملے کو سافٹ ویئر کے ذریعے بے ترتیب بنیادوں پر تعینات کیا جائے گا۔امتحانی مواد کی محفوظ اور محفوظ نقل و حمل اور سی سی ٹی وی نگرانی کے ساتھ ڈسٹرکٹ اسٹرانگ رومز میں اس کی محفوظ تحویل، امتحانی مراکز کی تیاری اور انویجیلیٹر عملے کی تربیت وغیرہ جیسے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور بنیادی خاکہ/پلان تیار کیا گیا۔
رام بن میں مسابقتی امتحانات کی کتابیں تقسیم
رام بن// مسابقتی امتحانات کے خواہشمندوں کی سہولت کے لیے، ضلع انتظامیہ رام بن نے ضلع انتظامی احاطے میں نوجوان طلبہ میں مسابقتی امتحان کی کتابیں تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مسرت الاسلام، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہربنس شرما اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ضلع کی تمام تحصیلوں سے امیدواروں کو 33 مسابقتی امتحانی کتابوں کے سیٹ فراہم کیے گئے اور متعلقہ تحصیلداروں نے ان کی سفارش کی۔مستحقین کو کتابیں فراہم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ کتابیں اور مطالعاتی مواد مختلف مسابقتی امتحانات بشمول سول سروسز، این ای ای ٹی، جے ای ای، بینکنگ وغیرہ لکھنے کے خواہشمند طلباء کے لیے فائدہ مند ہے۔ڈی سی نے محکمہ تعلیم کے افسران بالخصوص ضلع کے کالجوں کے پرنسپلز اور جی ایچ ایس ایس سے کہا کہ وہ طلباء کو روشن مستقبل کے لیے مسابقتی امتحانات کے لیے تحریک دیں۔ انہوں نے تحصیلداروں کو ہدایت کی کہ وہ دیگر خواہشمندوں کو بھی اپنی کتابیں ڈی سی آفس سے جمع کرنے کے لیے مطلع کریں۔
محکمہ ڈاک نے عطیہ خون کیمپ کا انعقاد کیا
جموں// محکمہ ڈاک ، جموں و کشمیر پوسٹل سرکل نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں رامدھون چیریٹیبل ٹرسٹ کے اشتراک سے خون کے عطیہ کا اہتمام کیا۔کیمپ کا افتتاح چیف پوسٹ ماسٹر جنرل (سی پی ایم جی) جے اینڈ کے سرکل ڈی وی مہیش نے کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی وی مہیش نے کہا کہ خون کا عطیہ دینے سے نہ صرف ایک عطیہ دہندہ فٹ رہتا ہے بلکہ طبی ضرورت کے وقت جان بھی بچاتا ہے۔ مہیش نے کہا، "جب آپ خون کا عطیہ دیتے ہیں تو یہ اطمینان کا احساس دیتا ہے اور ایک فرد کی طرف سے عطیہ کردہ خون خون کے خلیوں کی پیداوار کو تحریک دینے کے علاوہ تین زندگیوں کو بچا سکتا ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ خون کا عطیہ کرنے سے آئرن کے نقصان دہ ذخیرے کم ہوتے ہیں، دل کے دورے کا خطرہ کم ہوتا ہے اور جگر صحت مند رہتا ہے۔سی پی ایم جی نے کیمپ کو کامیاب بنانے پر جی ایم سی حکام اور رمضان چیریٹیبل ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا۔ڈی او پی کے افسران اور اہلکاروں کے علاوہ، محکمہ کے تقریباً 40 رضاکاروں نے کیمپ کے دوران خون کا عطیہ دیا اور ایک متعلقہ شہری کی حیثیت سے معاشرے کے تئیں اپنے تعاون کے طور پر اسے ایک معمول کی مشق بنانے کا عہد کیا۔
ٓشیعہ فیڈریشن صوبہ جموںکے صدر کو صدمہ،برادر نسبتی کا انتقال
جموں//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموںکے صدر عاشق حسین خان کے برادر نسبتی آصف علی خان کے اچانک نتقال پر فیڈریشن کے زعماء نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔زعماء نے کہا کہ وادی کشمیر کے بمنہ خمینی چوک سرینگر کے رہنے والے آصف علی خان کچھ دیر بیمار رہنے کے بعد اس دنیا ئے فانی سے رحلت فرما گئے ۔کی موت پر مرحوم کے لواحقین و فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی ،۔زعماء نے خدا وند تعالی سے دعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس میںاعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے ،بیان میںزعماء نے کہا کہ اس غم میںہم لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک غم ہیں۔
ڈوڈہ میں لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کا اجلاس | انچارج ایس اوز و پیڈ اسسٹنٹوں کی مستقلی کا مطالبہ کیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن نے محکمہ تعلیم میں عرصہ دراز سے کام کررہے انچارج سیکشن آفیسرز و ہیڈ اسسٹنٹوں کو باقاعدہ طور پر مستقل بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کئی برسوں سے ان کی مستقلی کی فائلیں محکمہ تعلیم کے اعلی حکام کے دفاتر میں پڑی ہوئی ہیں۔ اس سلسلہ میں ضلع صدر نیاز احمد راہی کی قیادت میں ڈوڈہ میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پنشنرز ایسوسی ایشن کے ضلع صدر انجینئر شیخ نذیر احمد بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے جہاں پنشن ہولڈرز کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا وہیں مختلف محکموں و باالخصوص محکمہ تعلیم میں کام کر رہے عارضی ملازمین کے مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا۔لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے مطابق 2012 میں تمام انچارج ایس اوز و سینئر اسسٹنٹوں کی ویجی لینس کلیرنس ہوئی ہے لیکن دس سال گذرنے کے بعد بھی انہیں مستقل نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے ان ملازمین کو ترجیحی بنیادوں پر مستقل بنانے کا مطالبہ کیا۔