واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے کورونا وائرس کے وجود میںآنے کا پتہ لگانے کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیز کو تفتیش کا حکم دیدیا۔ انٹیلجنس ایجنسیز کی رپورٹ منظر عام پر آئی جس میں کہا گیا ہے کہ چینی شہر ووہان کے انسٹیٹیوٹ میں سال 2019 میں متعدد ریسرچرز بیماری کے بعد اسپتال میں داخل کیے گئے تھے، اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد صدر جو بائیڈن کو وائرس کے وجود میں آنے سے متعلق مزید تحقیقات کے لیے شدید عوامی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا جس پر انہوں نے انٹیلیجنس ایجنسیز کو کورونا وائرس کے وجود میں آنے سے متعلق پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات کا حکم دیا ہے۔بائیڈن کا کہنا تھا کہ انٹیلیجنس ایجنسیز کے تفتیش کاروں میں سے کچھ کا خیال ہے کہ وائرس لیبارٹری میں وجود میں آیا جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں پھیلا تاہم ہمارے پاس اس حوالے سے مصدقہ معلومات موجود نہیں لہذا ایجنسیز 90 روز میں اس بات کا پتہ لگائیں اور رپورٹ پیش کریں۔