کورونا وائرس کا نیا ویرینٹ ’اومیکرون‘ جموں پہنچ گیا

سرینگر //جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں ’اومیکرون‘ویرنٹ کے تین کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد پورے صوبے میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔سرکاری طور پر بتایا گیا’’30نومبر کے روز جموں صوبے میں کئی افراد کے نمونے تشخیص کیلئے دہلی لیبارٹری روانہ کئے گئے اور منگل کے روز اُن کی رپورٹ موصول ہوئی‘‘۔یہ تینوں کیسجموںکے ہوزوری باغ ،تلاب تلو اور سروستی وہار میںپائے گئے ہیں۔منگل کی شام محکمہ صحت و طبی تعلیم نے جموں شہرمیں ’’اومیکرون ‘‘کے تین کیسوں کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے ٹیوٹ میںکہا’’ این سی ڈی سی نے جموں کلسٹر میں تین اومیکرون کیسوں کی تصدیق کی ہے‘‘۔ ٹیوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نمونے تشخیص کیلئے 30نومبر کو این سی ڈی سی نئی دلی بھیجے گئے تھے، پورے علاقے میں رہنے والے لوگوں کا آرٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا جائے گا۔ ٹیویٹ میں لوگوں سے کورونا وائرس کی روکتھام کیلئے وضع کئے گئے قوائد و ضوابط پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ۔ جموں صوبے میں کورونا نوڈل آفیسر ڈاکٹر اے ڈی منہاس نے بتایا ’’ 30نومبر کو نمونے ایس سی ڈی سی نئی دلی بھیجے گئے تھے اور ان تینوں مریضوں میں ہلکی علامتیں موجودتھیں‘‘۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر رینو شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’این ڈی سی نئی دلی نمونوں کو بھیجنے کا عمل پچھلے ایک سال سے جاری ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ تینوں مریضوں میں کورونا وائرس کے ہلکے آثار موجود تھے لیکن کچھ دن قبل وہ ٹھیک ہوگئے ہیں اور انکی حالت مستحکم ہے ۔ ڈاکٹر رینوشرما نے بتایا ’’ ابھی ان علاقوں میں کوئی پابندی عائد نہیں ہے لیکن بدھ کی صبح دونوں علاقوں میں آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ کا عمل شروع ہوگا۔ادھر ملک بھر میںنئے ویریئنٹ اومیکرون کے اب تک 200 معاملے سامنے آچکے ہے ۔ مرکزی وزارت صحت نے منگل کے روز کہاکہ اومیکرون کے 200 کیسز میں سے کل 77 لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں۔وزارت کی جانب سے جاری بلیٹن کے مطابق، دہلی اور مہاراشٹر میں اومیکرون کے سب سے زیادہ 54-54 معاملے سامنے آئے ہیں۔ تلنگانہ اور کرناٹک میں بالترتیب 20 اور 19 کیس درج کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ راجستھان میں اومیکرون کے 18، کیرالہ میں 15، گجرات میں 14، اتر پردیش میں دو اور آندھرا پردیش، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور چنڈی گڑھ میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے ۔
 
 

۔12ویں دن بھی ایک فوت،104متاثر

سرینگر 40کے ساتھ سرفہرست، 7اضلاع میں کوئی متاثر نہیں

پرویز احمد 
 
سرینگر // جموں و کشمیر میں مسلسل 12ویں دن بھی کورونا وائرس سے ایک شخص فوت ہوگیا ہے۔ جموں و کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 4514ہوگئی ہے۔ اس دوران پچھلے 24گھنٹوں میں جموں و کشمیرمیں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 46ہزار  173ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3مسافروں سمیت مزید 104افراد کی رپورٹیں مثبت قراردی گئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 3لاکھ 40ہزار کا ہندسہ پار کرکے 3لاکھ 40ہزار 36ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 104افراد میںجموں میں 26جبکہ کشمیر میں 78افرد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے سبھی 78افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 78افراد میں سے سب سے زیادہ سرینگر میں 40، بارہمولہ میں 4، پلوامہ میں 2، کپوارہ میں 15، اننت ناگ میں 3، بانڈی پورہ میں 4، گاندربل میں 9، کولگام میں 1جبکہ بڈگام اورشوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد2 لاکھ 14ہزار 143تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران وادی میں 11دنوں کے بعد اموات کا سلسلہ تھم گیا ہے اور پچھلے 24گھنٹوں میں کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 2319بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور، سانبہ،  پونچھ، رام بن  اور ریاسی میں کسی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 5اضلاع میں 26افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 26افراد میں 3بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ دیگر 23افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 26افراد میں سب سے زیادہ جموں میں18، راجوری میں 3، ڈوڈہ میں 3، کٹھوعہ میں 1 اور کشتواڑ میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت قرار دی گئی ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ  25ہزار 893تک پہنچ گئی ہے۔ جموں صوبے میں 3دنوں کے بعد کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2195ہوگئی ہے۔  
 
 

ملک میں5,326 مثبت

نئی453ہلاکتیں

یو این آئی
 
نئی دہلی //ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ19 )کے پانچ ہزار سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور آٹھ ہزار سے زیادہ لوگ صحت یاب ہو ئے ہیں۔پیر کو ملک میں 64 لاکھ 56 ہزار 911 افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی اور اس کے ساتھ ہی ویکسین لینے والوں کی کل تعداد ایک ارب 38 کروڑ 34 لاکھ 78 ہزار 181 ہوگئی ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 5,326 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی کل تعداد 3,47,52,164 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 8,043 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی اس وبا سے شفایابی حاصل کرنے والوں کی تعداد 3,41,95,060 ہو گئی ہے ۔ اسی عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز 3170 سے گھٹ کر 79,097 رہ گئے ہیں اور 453 مریضوں کی موت کے ساتھ اس وائرس کے انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 4,78,007 ہو گئی ہے ۔
 
 

عوامی مقامات پر بغیر ماسک

اب 500روپے جرمانہ ہوگا

نیوز ڈیسک
 
سرینگر// انتظامیہ نے عوامی مقامات پر بغیر ماسک لوگوں پر عائد جرمانہ کی شرح بڑھا دی ہے۔محکمہ صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) وویک بھاردواج کی جانب سے منگل کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا  ہے کہ عوامی مقامات پر بغیر ماسک لوگوں کو پہلی مرتبہ200روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ دوسری مرتبہ ان پر500روپے کا جرمانہ عائدہوگا۔