کورونا وائرس مخالف لاک ڈاﺅن میں3مئی تک توسیع کا اعلان

سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اعلان کیا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ملک بھر لاک ڈاﺅن کا سلسلہ 3مئی تک جاری رہے گا۔
مودی نے کہا کہ ایسا کرکے ہی کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کیخلاف شروع کی گئی مہم کامیاب ہوسکتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاک ڈاﺅن کے سلسلے میں تازہ گائڈ لائنز کل یعنی بدھ کو منظر عام پر لائی جائیں گی۔
اپنی ایک نشری تقریر میں وزیر اعظم مودی نے بھارت کا موازنہ دوسرے ممالک کے ساتھ کرتے ہوئے کہا”بھارت کی صورتحال باقی ماندہ ممالک سے کہیں بہتر ہے“۔
مودی کا کہنا تھا کہ اگر اُن کی حکومت نے بروقت اقدامات نہ کئے ہوتے تو صورتحال انتہائی خطر ناک ہوسکتی تھی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 20اپریل کے بعد ملک کے سبھی خطوں کی صورتحال کا جائزہ لیکر ضروری فیصلے لئے جائیں گے۔
انہوں نے تاہم کہا کہ 3مئی سے قبل لاک ڈاﺅن میں کسی بھی طرح کی نرمی اختیار نہیں کی جائے گی اس لئے لوگوں کو چاہئے کہ وہ سماجی فاصلے بنائے رکھنے اور اپنے گھروں میں ہی بیٹھنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔
حکومتی فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا”ایسا کرنا لوگوں کو بچانے کیلئے ضروری ہے“۔
وزیر اعظم نے تاہم اُن مشکلات کا اعتراف کیا جن کا سامنا عام لوگوں کو کرنا پڑ رہا ہے۔ 
مودی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاﺅن کے دوران اپنی سماجی ذمہ داریاں نبھاکر ضرورت مندوں کا خیال رکھیں۔