کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا لازمی :سی ایم او

ڈوڈہ //چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ نے ضلع کی عوام سے کورونا وائرس سے اپنے آپ کو محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے و آیوشمان بھارت اسکیم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گولڈن کارڈ بنانے کی اپیل کی ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سی ایم او ڈاکٹر محمد یعقوب میر نے کہا'"کورونا اب بھی ہمارے درمیان موجود ہے اور اس سے محفوظ رہنے کے لئے ماسک کا استعمال، ہاتھوں کا متواتر دھونا و عوامی مقامات پر ہجوم نہ کرنے سے احتیاط کرنا ہے"۔انہوں نے 18 سے زیادہ عمر کے لوگوں سے اپنے نزدیکی مراکز میں جاکر ٹیکہ لگوانے کی بھی اپیل کی۔سی ایم او نے کہا کہ کورونا وائرس جیسی مہلک بیماری سے ملک، قوم و علاقہ کو محفوظ بنانے کیلئے ہر شہری اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائے اور اس مہلک وبا سے محفوظ رہے۔انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے آیوشمان صحت اسکیم کے حوالے سے بتایا کہ گولڈن کارڈ حاصل کرنے والے شخص کا سالانہ پانچ لاکھ روپے کی طبی سہولیات فراہم کی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی وہ نزدیکی سی آئی سی پر جاکر اپنے اہل خانہ کا کارڈ بنوا کر اس اسکیم کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔