کورونا وائرس سے فوت ہونے والے لواحقین کی مالی اعانت

سرینگر //جموں و کشمیر سرکار نے کورونا وائرس سے فوت ہونے والے افراد کے لواحقین کو مرکزی اسکیم کے تحت 50ہزار روپے مالی امداد فراہم کرنے کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردئے ہیں۔ منگل کوجاری کئے گئے قوائد و ضوابط میں بتایا گیا ہے کہ وائرس سے فوت ہونے والے سبھی افراد کے نزدیکی لواحقین کو 50ہزار روپے کی مالی معاونت نیشنل ڈیزاسٹر فنڈ کے قوائد و ضوابط کے تحت فراہم کی جائے گی۔ سکیم کو جموں و کشمیر میں جلد  نافذ کرنے کی ہدایت دیتے  ہوئے کہا گیا ہے کہ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں کورونا سے فوت ہونے والے ہر شخص کے نزدیکی رشتہ دارکو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ مالی معاونت کے حق دار لوگوں کی نشاندہی محکمہ صحت و طبی تعلیم کے پاس موجود ریکارڈ سے کی جائے گی۔ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اسکیم کی تشہیر کریں گے اور 2ماہ کے تحت تمام متاثرین کی سکیم میں شمولیت کو یقین بنائیں گے۔ حکم نامہ میں تمام ڈپٹی کمشنروں کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے تمام اضلاع میں ویب سائٹ پر فارم دستیاب رکھنے کے علاوہ ہر ضلع میں ہیلپ ڈیسک کا بھی قیام عمل میں لائیں ۔ حکم نامہ میں تمام چیف میڈیکل آفیسران، میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں اورگورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں کو متاثرین کے پتہ اور دیگر جانکاری فراہم کریں گے جبکہ متعلق اضلاع کے ایس ڈی ایم اور دیگر متعلقہ افسران متاثرین کے گھر جاکر درخواست فارم میں جمع کی گئی تفصیلات کے بارے میں حقائق کا پتہ لگائیں گے اور 5دنوں کے اندر اندر اپنی رپورٹ متعلق حکام تک پہنچائیں گے ۔
 
 

تصدیق شدہ اسناد کی اجرائی ضلع سطح کمیٹیوں کا قیام

بلال فرقانی
 
سرینگر// حکومت نے کوویڈ سے ہوئی اموات کے بارے میں اسناد اجراء کرنے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ضلعی سطحی کمیٹیوں کے قیام عمل میں لانے کی ہدایات دی ہیں۔ آفات سماویٰ انتظام،باز آبادکاری،ریلیف اور تعمیر نو محکمہ کے سیکریٹری ناظم ضیاء خان کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ اموات سے متعلق اسناد کی اجرائی میں مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کمیٹیوں کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ آرڈر کے مطابق یہ کمیٹیاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں کی سربراہی میں کام کریں گی،جبکہ متعلقہ ضلع کے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل اور ضلع اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ان کے ممبران ہونگے۔ آرڈر میں کہا گیا کہ ایکس گریشا ریلیف کی تقسیم کاری کیلئے آسان نظام قائم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اسکیم کا نفاذ فوری طور پر تمام اضلاع میں مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر میں کوویڈ  اموات کیلئے ہوگا۔ انہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں(چیئرمین ضلع آفات سمایٰ منتظمین،باز آبادکاری،ریلیف و تعمیر نو )محکمہ کی جانب سے اس اسکیم کی جامع پیمانے پر تشہیر کرنے پر زور دیا۔