کورونا وائرس| بدھ کو13اموات، 493افرادکے ٹیسٹ مثبت

سرینگر// جموں و کشمیر میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید13افراد فوت ہوئے ۔ اس طرح مہلوکین کی تعداد 200کا ہندسہ پار کرکے209ہوگئی۔ ان میں سے 18جموں جبکہ 191 کا تعلق کشمیر سے ہے۔  اس دوران بد ھ کو مزید 493افراد کی رپورٹیں مثبت آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 11666تک پہنچ گئی۔ ان میں 2445جموں جبکہ 9221کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ 493متاثرین میں سے  سب سے زیادہ 153سرینگر، 44بارہمولہ ،47کولگام، 3شوپیان،72اننت ناگ، 10کپوارہ، 41پلوامہ، 42بڈگام، 18بانڈی پورہ، 6گاندربل، 15جموں، 1ادھمپور،6رام بن،3راجوری،24سانبہ، ایک پونچھ، 4ڈودہ، اور 3کشتواڑ سے تعلق رکھتے ہیں۔ 

۔ 13اموات

 جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید13متاثرین فوت ہوگئے۔ فوت ہونے والے متاثرین میں سے9سکمز صورہ،2 صدر اسپتال سرینگر اور2 جی ایم سی اننت ناگ میں فوت ہوئے۔ سکمز صورہ کے میڈیکل  سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’ اموات کا سلسلہ رات بھر جاری رہا اور بدھ اور منگل کی درمیانی شب کو سرینگر کے الہی باغ سے تعلق رکھنے والے ایک70سالہ شخص بھی منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو 12بجے فوت ہوگیا اور بعد میں اسکی رپورٹ مثبت آئی‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ نیو کالونی پلوامہ سے تعلق رکھنے والا ایک 77سالہ شخص 11جولائی کو اسپتال میں داخل ہوا اور وہ بھی رات کو 12بجکر 30منٹ پر فوت ہوگیا ‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’منگل اور بدھ کی درمیانی شب کولال بازار سرینگر کا رہنے والا 52سالہ شخص رات کو 2بجے فوت ہوگیا ‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ سوپور کی رہنے والی 60سالہ خاتون 13جولائی کو اسپتال میں داخل ہوئی اورمنگل اور بدھ کی درمیانی شب کو4بجے فوت ہوئی ‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ لڈورہ بارہمولہ کا رہنے والا85سالہ شخص کو جی ایم سی بارہمولہ سے وینٹی لیٹرکی مددسے سکمز منتقل کیا گیا لیکن وہ سکمز پہنچنے تک فوت ہوگیا‘‘ ۔ڈاکٹر جان نے بتایا کہ ہتھلنگو سوپور سے تعلق رکھنے والا ایک 60سالہ شخص5جولائی کو اسپتال میں داخل ہوا اور کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے نمونیا کی وجہ سے صبح 7بجے فوت ہوگیا ‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا کہ سعیدہ کدل سرینگر کا رہنے والا ایک 60سالہ شخص بھی کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہوئے نمونیا کی وجہ سے فوت ہوگیا ‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا کہ مریض کو 14جولائی کو اسپتال میں داخل کیا گیا اور وہ بدھ کو صبح 8بجکر 30منٹ پر فوت ہوگیا ‘‘۔ڈاکٹر جان نے بتایا کہ بژہ پورہ سرینگرکی رہنے والی ایک 65سالہ خاتون بھی کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئی۔  ڈاکٹر جان نے بتایا ’’عمر آباد ایچ ایم ٹی سرینگر سے تعلق رکھنے والی ایک 50سالہ خاتو ن بھی سکمز صورہ میں فوت ہوگئی‘‘۔ اس طرح اسپتال میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران اموات ہوئیں ‘‘۔صدر اسپتال سرینگر میں بھی ایک کورونا وائرس مریض فوت ہوگیا ہے۔صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر احمد چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ بارہمولہ کا رہنے والا 65سالہ شخص 12جولائی کو اسپتال میں داخل ہوا اور بدھ کو کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے نمونیا کی وجہ سے سے فوت ہوگیا ‘‘۔ اننت ناگ میں کورونا وائرس کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر عبدلمجید نے بتایا ’’ تیکہ کھیرون اننت ناگ سے تعلق رکھنے والا ایک 65 سالہ شخص 5جولائی کو اسپتال میں نمونیا کی وجہ سے داخل ہوا اور بدھ کو فوت ہوگیا ‘‘۔ نوڈل آفسر نے بتایا ’’اننت ناگ میں ایک 22سالہ خاتون کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگئی‘‘۔  چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین نے بتایا ’’بدھ کو بیروہ بلاک سے تعلق رکھنے والے 2افراد فوت ہوئے ،جن میں ایک سکمز صورہ جبکہ ایک کی موت صدر اسپتال سرینگر میں ہوئی‘‘۔ڈاکٹر تجمل نے بتایا ’’ رتسن بڈگام کا 65سالہ شخص بدھ کو سکمز صورہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگیا ‘‘۔ڈاکٹر تجمل حسین نے بتایا کہ بنہ گام بیروہ سے تعلق رکھنے والا ایک مریض صدر اسپتال سرینگر میں فوت ہوگیا ‘‘۔ڈاکٹر تجمل نے بتایا کہ فوت ہونے والے شخص کے لواحقین نے صدر اسپتال سرینگر میں ہنگامہ کھڑا کیا اور وہاں سے لاش خود گھر پہنچائی لیکن بڈگام میں محکمہ صحت کے عملہ نے فوت ہونے والے شخص کے بھی نمونے حاصل کئے اور اسکی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ ڈاکٹر تجمل نے بتایا ’’ لاش کو قواعد و ضوابط کے تحت دفن کیا گیا لیکن اسکی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔ سکمز صورہ میںپچھلے24گھنٹوں کے دوران1944نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں سے 122مثبت جبکہ 1822کی رپورٹیں منفی آئیں ۔122متاثرین میں سے 38 پلوامہ،30سرینگر، 19پولیس ہیڈکواٹر ، 12بانڈی پورہ، 7اننت ناگ،6کپوارہ، 3گاندربل، 2بڈگام، ایک کولگام اور ایک ڈوڈہ سے تعلق رکھتا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیرمیں بدھ کومزید114افرادصحتیاب ہوکر اپنے گھروں کولوٹ گئے اوراس طرح صحتیاب ہوئے افراد کی تعداداب 6337ہوگئی ہے۔

جے وی سی بمنہ

جے وی سی بمنہ میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران593 نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں سے 34کی رپورٹیں مثبت جبکہ 559افراد کی رپورٹیں منفی آئیں ۔سکمز بمنہ میں موجود باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مثبت قرار دئے گئے 34سبھی افراد سرینگر سے تعلق رکھتے ہیں۔ 
 

نوشہرہ کا فرار مریض ڈیرہ گلی سے گرفتار

رابطہ میں آنے والوں کی نشاندہی کا عمل شروع 

تھنہ منڈی /سمت بھارگو +طارق شال/راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن سے مفرورایک کووِڈ- 19 مثبت مریض کو انتظامیہ نے دیرگلی سے گرفتار کر کے تھنہ منڈی کے پلانگڑھ سینٹر میں منتقل کر دیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق فرار ہو ا مریض محکمہ صحت کا ملازم بھی ہے ، کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔نوشہرہ ہسپتال میں تعینات ملازم کے احتیاطی طورپر نمونے حاصل کئے گئے تھے تاہم اس ملازم کو جیسے ہی معلوم ہوا ہے وہ کووِڈ- 19 مریض ہے ،تو وہ خوفزدہ ہو کر فرار ہو کرپونچھ جانے کی کوشش کر رہا تھا ۔اس کیساتھ نجی گاڑی میں 3مزید افراد بھی سوار تھے، تاہم پولیس نے دیرہ گلی کے مقام پر اس کو گرفتار کرلیا ۔اس سے قبل ضلع انتظامیہ راجوری نے کورونا مثبت شخص کے فرار ہونے کی خبر تمام پولیس تھانوں اور پولیس چوکیوں تک پہنچا دی تھی ،تاہم تھنہ منڈی پولیس کو خبر ملتے ہی سب ڈویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی کی ہدایت پر ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے دیرہ گلی کے مقام پر ناکہ لگا کر دیگر تین ساتھیوں سمیت کورونا مثبت مریض کو گرفتار کر کے انتظامیہ کی طرف سے قائم کردہ کورونا کئیر سینٹرپلانگڑھ منتقل کر دیا۔ دیگر تین ساتھیوں کو انتظامیہ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری روانہ کیا ہے۔اب انتظامیہ اس بات کی نشاندہی کر رہی ہے کہ نوشہرہ سے  فرار ہونے کے بعد مذکورہ مریض کن کن مقامات پر ٹھہرا جبکہ رابطہ میں آنے والوں کی نشاندہی کر کے ان کے نمونے حاصل کئے جائینگے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ٹھاکر شیر سنگھ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسکے ہمراہ مزید تین ساتھی تھے ۔انہوں نے کہارابطہ میں آنے والوں کی نشاندہی کی جارہی ہے جبکہ تین ساتھیوں کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مریض سرکاری ملازم بھی ہے اور اس کیخلا ف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔
 
 
 

اننت ناگ جیل حکام کو ہدایت

 سماجی دوری اور دیگرضوابط پر عمل یقینی بنایاجائے

اننت ناگ/خالد گل/ 47نظر بندوں، جیل عملہ کے ایک رکن اور ٹھیکہ دار کی رپورٹیں مثبت آنے کے بعد ضلع لیگل سروسز اتھارٹی نے جیل حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ نظر بندوں کیلئے بنائے گئے قواعد و ضوابط پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔اس حوالے سے حکم نامہ پرنسپل ضلع سیشن جج پرویز احمد کاچرو نے جاری کیا ،جو ڈی ایل ایس ائے اننت ناگ کے چیئر مین بھی ہیں۔ حکام نامہ میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ جو ضلع آفت سماوی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں،اس بات کو یقینی بنائیں کہ جیل میں نظر بند افراد کورونا وائرس کیلئے بنائے گئے قوائد و ضوابط مثلا سماجی دوری اور دیگر چیزوں کو سختی سے عمل  کریں‘‘۔ ڈی ایس ایل ائے نے جیل میں ایک ایمرجنسی میڈیکل ٹیم بھی تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ لیگل سروسز اٹھارٹی نے جیلوں میں نظر بند افراد کی زیادہ تعداد پر بھی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ ڈی ایل ایس ائے نے کہا ہے کہ جیل میں249قیدی اور عملہ موجود ہے اور ڈی ایل ایس ائے نے  یہ معاملہ حکومت کے ساتھ پہلے ہی اٹھایا ہے۔ڈی ایل ایس ائے نے جیل میں کورونا وائرس کے مزید بھیلائو کو روکنے کیلئے مثبت افراد کو علیحدہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ڈی ایل ایس ائے نے ڈی سی اننت ناگ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جیل میں نظر بند افراد کو علیحدہ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں اور ان کو انتظامی قرنطین میں بھیجا جائے۔
 

سر ینگر اور جموں میں بھاجپا دفاتر بند

گپتااور کشور سمیت 25لیڈران کے نمونے حاصل 

جموں +سرینگر/سید امجد شاہ / بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یہاں جواہر نگر اور جموں کے ترکوٹہ نگر علاقوں میں واقع پارٹی کے مرکزی دفاتر بند کر دیے گئے ہیں جبکہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے پارٹی کے25رہنمائوں کے نمونے حاصل کئے گئے۔پارٹی کے سری نگر دفتر کے میڈیا انچارج منظور احمد بٹ نے بتایا کہ دفتر کو بند کردیا گیا ہے اور پارٹی لیڈران رضاکارانہ طور قرنطینہ میں گئے ہیں اور ان کے ٹیسٹ بھی کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں بھی جو پارٹی کارکن موصوف صدر کے رابطے میں آئے تھے ان کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے اور وہ بھی قرنطینہ میں رضاکارانہ طور پر چلے گئے ہیں۔دریں اثنا جموں کے ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر بھی بند کردیا گیا ہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سابق نائب وزیر اعلیٰ اور سینئر بی جے پی لیڈر کوویندر گپتا، ان کے اہل خانہ، ضلع صدور اور دیگر پارٹی لیڈروں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا ہے اور انہوں نے اپنی سرگرمیاں محدود کر دی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پارٹی صدر کی سرکاری رہائش گاہ کے داخلی راستوں کو خار دار تار سے بند کردیا گیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ رویندر رینہ کا منگل کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہیں ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں واقع نارائنا سپر سپیشلٹی ہسپتال منتقل کر کے وہاں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔اتوار کو بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، بی جے پی کے قومی نائب صدر اویناش رائے کھنہ اور رویندر رینہ نے بانڈی پورہ کا دورہ کر کے وہاں مہلوک بی جے پی لیڈر شیخ وسیم باری کی اہلیہ اور دیگر افراد خانہ سے تعزیت کی تھی۔ادھربھاجپا کے صدر رویندر رینہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پارٹی کے 25لیڈران کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں ،جن میں ممبر پارلیمنٹ جموں پونچھ جگل کشور شرما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا بھی شامل ہیں ۔پارٹی کے ترجمان سنیل سیٹھی نے بتایا’’بھاجپا کے دفاتر کو بند کردیاگیاہے اور وہ سبھی لیڈران قرنطینہ ہوگئے ہیں جوصدر رویندر رینہ کے رابطے میں آئے تھے ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ کورونا نمونے بھی لئے گئے ہیں اور دفتر کو سینٹائز کیاگیاہے۔ممبرپارلیمنٹ جگل کشور کا ٹیسٹ بھی لیاگیاہے ۔اس دوران سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا، ان کے گھر والوں اور سٹاف ممبران کا کورونا ٹیسٹ بھی لیاگیاہے ۔ (مشمولات یواین آئی)