کورونا وائرس اور لاک ڈائون | پولیس کی امدادی کارروائی جاری

سرینگر //پولیس نے شوپیان،سوپور اورہندوارہ میں ضرورتمند لوگوں تک غذائی اجناس کو پہنچنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔سوپور پولیس نے قصبہ اورتارزو کے دائرہ کار میں ضرورتمند لوگوں خصوصاً غیر مقامی باشندوں میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ سوپور پولیس نے تھانہ پنجلا اور پولیس پوسٹ واتر گام کے دائرہ اختیار میں روہامہ اور بہرام پورہ رفیع آباد میں راشن کی تقسیم کاری میں مدد کی۔سرینگر میں  ایس ڈی پی او زکورہ کی مدد سے پولیس کی ایک ٹیم نے ڈل اورنگین کے علاقوں میں ضرورتمند افراد میں کھانے کی اشیاء تقسیم کیں۔ سرینگر پولیس نے پولیس تھانہ کرن نگر کے دائرہ اختیار میں راشن کی تقسیم میں بھی مدد کی۔بانڈی پورہ میں پولیس نے ضلع کے مختلف راشن اسٹوروں پر راشن کی تقسیم میں اعانت کی۔ علاوہ ازیں بینکوں اور اے ٹی ایم سمیت نمایاں عوامی مقامات پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بینر اور پوسٹر چسپاں کئے گئے۔ شوپیاں میں پولیس نے ضرورتمند افراد میں کھانا اور ضروری اشیاء تقسیم کیں ۔ہندوارہ میں پولیس اور سی آر پی ایف کے ہمراہ کھانے کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ گاندربل میں پولیس افسران نے ضلع کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور وائرس سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ کو تعاون دیں۔اس دوران لائن آف کنٹرول کے 14دیہات میں پولیس نے غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزر بسر کرنے والے لوگوں میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں ۔لوگوں نے اس کیلئے ڈی جی پولیس سمیت ایس ایس پی کپواڑہ اور ایس ایچ او کرناہ کا شکریہ ادا کیا ۔پولیس چوکی ٹیٹوال کے زیر تحت آنے والے 14دیہات جن میں کڑہامہ ، سیماری ، پھگوان ،ٹیٹوال ، درنگلہ ، بیاڑی ، گھنڈی ، درگڑ ،گھنڈی شاٹھ، ایبکوٹ ، بادرکوٹ اور دیگر دیہات شامل ہیں ، میں غریب لوگوں کی پہلے ہی نشاندہی کی گئی تھی ۔ بدھ کو پولیس چوکی افسر منظور احمد شیخ جو ویلفیئر فورم کرناہ کے سینئر ممبر بھی ہیں ،کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے لوگوں میں کھانے کے یہ کٹ تقسیم کئے ۔