کورونا وائرس؛15کا اضافہ، تعداد 741

سرینگر //منگل کومیونسپل کارپوریشن کارپوریٹر اور تین ماں بیٹوں سمیت جموں و کشمیر میں مزید15افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے۔ جموں و کشمیر میں مریضوں کی کل تعداد741تک پہنچ گئی ہے جن میں 63جموں جبکہ678افراد کا تعلق کشمیر سے ہے۔سوموار کو مثبت قرار دیئے گئے 14مریضوں میں سے6کا تعلق شوپیان، 2بانڈی پورہ ، 4سرینگر، ایک پلوامہ اور ایک کا تعلق بارہمولہ سے ہے جبکہ ادھمپور میں ایک شخص وائرس میں مبتلا پایاگیا۔

سکمز

 منگل کوشیر کشمیر میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں کل 898نمونوں کی تشخیص کی گئی اور ان میں سے 9کی رپورٹ مثبت آئی ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران889منفی جبکہ 9کی رپورٹ مثبت آئی‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ ان میں6کا تعلق شوپیان ضلع سے ہے۔ ڈاکٹر جان نے بتایا ’’ ہیرہ پورہ شوپیاں کے5 مریضوں میں 35سالہ اور 18سالہ دو خواتین کے علاوہ 18سالہ ،25سالہ اور 50 سالہ شہری بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر جان نے بتایا کہ منزم پورہ شوپیان کا ایک 55سالہ شخص بھی وائرس  میں مبتلا ہوا ہے۔ ڈاکٹر جان نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے نائد کھے گائوں میں6سالہ کمسن بچے اور گنڈ قیصر کے41سالہ شخص کی رپورٹ  بھی مثبت آئی ۔ انہوں نے کہا کہ نائو پورہ سوپور سے تعلق رکھنے والی 22سالہ خاتون بھی وائرس سے متاثر ہوئی ہے۔  انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ عوامی رابطہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار میںبتایا گیا ہے کہ ابتک کل419مشتبہ مریضوں کا داخلہ کیا گیا ہے جن میں سے369مریضوں کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جبکہ47مثبت قرار دئے گئے مریضوں کو گھر بھیجا گیا ہے۔آئیسولیشن وارڈوں میں ابھی بھی2مریض زیر علاج ہیں۔ ابتک13079نمونوں کی تشخیص کی گئی ہے جن میں سے12062کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ417مریضوں کی رپورٹ قرار دی گئی ہے جبکہ600ابھی زیر تشخیص ہے۔ 

سی ڈی اسپتال

میڈیکل کالج سرینگر کے زیر نگرانی سی ڈی اسپتال لیبارٹری میں 838نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں5کی رپورٹ مثبت آئی۔ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے بتایا ’’838نمونوں میں سے 333منفی جبکہ 5کی رپورٹ مثبت آئی‘‘۔ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ سرینگر میں متاثرہ4مریضوں میں سے واندر محلہ رعناواری سے تعلق رکھنے والی خاتون اور اسکے 7سالہ اور13سالہ بیٹے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا’’ سرینگر میونسپلٹی کے اس کارپوریٹر کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے جس کے بھائی کی رپورٹ یکم مئی مثبت قرار دی گئی تھی۔ ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ اس کے علاوہ پلوامہ کے تیلونی گائوں سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ خاتون کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔ ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ لیبارٹری میں ابھی بھی 188نمونے زیر تشخیص ہیں۔ 

حکومتی بیان

حکومت نے کہا ہے کہ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 15نئے مثبت معاملات سامنے آئے جن میں  14کا تعلق کشمیر  اور ایک کا تعلق جموں صوبے سے ہے اور اس طرح مثبت معاملات کی کل تعداد741تک پہنچ گئی ہے۔ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ کورونا  کے 741 مثبت معاملات سامنے آئے ، جن میں سے 413سرگرم معاملات ہیں ۔ 8 کی موت واقع ہوئی ہے ، اب تک 320اَفراد شفایاب ہوئے ہیں۔ 80,206افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ ان میں 13,688 اَفراد کو ہوم قرنطین اور213 اَفراد کو ہسپتال قرنطین میں رکھا گیا ہے۔413کو ہسپتال آئیسولیشن میں جبکہ 7,274 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔58,610اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔ اب تک 31,312ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 4؍مئی 2020ء کی شام تک 30,571نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔اِس دوران مزید 17 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ضلع بانڈی پورہ میں اب تک 132 مثبت معاملات سامنے آئے ہی جن میں سے69 سرگرم معاملات ہیں ، 62مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔سری نگر میں 113 معاملات کی تصدیق ہوئی، جن میں سے 36 سرگرم معاملات ہیں ،75 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ2کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 104ہوئی ہیںان میں سے 59سرگرم معاملات ہیں اور3مریضوں کی موت واقع ہوئی جبکہ 42صحتیاب ہوئے ہیں ۔ بڈگام میں متاثرہ افراد کی کل تعداد اب تک30ہوئی ہیںجن میں سے 18سرگرم  اور12اَفراد صحتیاب ہوئے ۔پلوامہ ضلع میں 9 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 6 سرگرم  ہیں اور تین صحتیاب ہوئے ہیں۔ضلع شوپیان میں 89 مثبت معاملات سامنے آئے ، جن میں 64 سرگرم ہیں اور 25صحتیا ب ہوئے ہیںجبکہ کپواڑہ میں 66مثبت معاملات درج کئے گئے  اور 36 سرگرم معاملات ہیں اور30صحتیاب ہوئے ہیں۔گاندربل میں کل 14مثبت معاملات سامنے آئے ہیں ۔ سبھی شفایاب ہوئے ہیں۔کولگام میں 11 مثبت معاملات پائے گئے ہیں ۔8سرگرم ہیںاور 3صحت یاب ہوئے ہیںاور اننت ناگ میں 110 مثبت معاملے سامنے آئے ہیںاور 108 سرگرم ہیں۔ ایک شفایاب ہوا ہے اور ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔ جموں میں وائر س کے 27مثبت معاملات پائے گئے ہیں جن میںایک سرگرم ہے اور26 صحت یاب ہوئے ہیں۔ اودھمپور ضلع میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 21 ہوئی ہیں جن میں سے 1معاملات سرگرم ہیں۔ 19صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔راجوری ضلع میں کورونا کے اب تک 4 مریض پائے گئے ہیںجس میں سے ایک سرگرم اور تین صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ سانبہ میں 7 مثبت معاملے کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 3 سرگرم معاملات ہیں اور چاراَفراد شفایاب ہوئے ہیںاور کشتواڑ میں سامنے آیا ایک معاملہ پوری طرح سے صحتیاب ہوا ہے۔کٹھوعہ میں ایک مثبت معاملہ سامنے آیا ہے اور وہ سرگرم ہے۔رام بن ضلع میں ایک معاملہ سامنے آیا ہے جو سرگرم ہے ۔ ریاسی میں بھی ایک معاملہ سامنے آیا ہے جوسر گرم ہے ۔
 

بانڈی پورہ میں تعداد 132

عازم جان 
 
بانڈی پورہ //ضلع میں نول کووڈ 19 کے مزید 2کیس منگل کو سامنے آئے ہیں ،ان میں سے ایک گنڈ قیصر اور ایک نائدکھے کاہے۔ اس طرح ضلع بھر میں کل تعداد 132تک پہنچ گئی ہے۔ ضلع بھر میں 132مثبت کیس 23مارچ سے آب تک سامنے آئے ہیں جن میں سے ایک مریض زندگی کا جنگ ہار گیاجبکہ 61  افراد صحت یاب ہوکر گھر چلے گئے ہیں۔ 70مثبت مریض سرینگر اور سنرونی کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ نوڈل آفیسر ڈاکٹر نبیل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ہے کہ گنڈ جہانگیر اور نائدکھے میں چند لوگوں کے ٹیسٹ کرانے باقی ہیں تاہم گنڈ قیصر، قوئل مقام، گنڈ  دچھنہ،بنہ کوٹ ودیگر بستیوں کے مکمل کردیئے گئے ہیں ۔ڈاکٹر نبیل نے کہا کہ اب صرف ان افراد کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں جوبیرون ریاستوں سے واپس آرہے ہیں۔