کورونا وائرس؛ 14نئے کیس،تعداد 314

سرینگر //کورونا مریضوں کی تعداد میں بدھ کو بھی ایک بار پھر غیر معمولی اضافہ ہوا اور مزید 14نمونے مثبت آئے۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی کل تعداد314تک پہنچ گئی ہے جن میں 54کا تعلق جموں جبکہ 260 کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ پچھلے تین روز میں جموں کشمیر میں 44کیس مثبت آئے۔ریاستی سرکار کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ٹیوٹ میں لکھا’’جموں و کشمیر میں بدھ کو 14مزید مشتبہ مریضوں کی رپورٹ مثبت آئی جو سبھی تعلق کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں‘‘۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 14مریضوں میں سے 11 سکمز صورہ جبکہ 3کی سی ڈی اسپتال قائم لیبارٹری سے رپورٹ مثبت آئی ہے۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر حنیف بلخی نے بتایا ہے کہ سرینگر کے مختلف قرنطین مراکز میں 14دن کی مدت مکمل کرنے کے بعد مزید 25کو گھر بھیج دیا گیا اس طرح ابتک قریب 1800افراد کو گھروں کو روانہ کیا گیا ہے۔

سکمز

سکمز صورہ میں109نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں 11مثبت قرار دئے گئے جبکہ98کی رپورٹ منفی آئی ‘‘۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کہا ’’ سکمز کے 19نمونوں میں سے نائد کھئے کے 6مشتبہ مریضوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے جن میں ایک نے اتر پردیش کا سفر کیا ہے جبکہ دیگرمقامی رابطے میں آنے کی وجہ سے وائرس کا شکار بنے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ باقی 13کی رپورٹ منفی قرار دی گئی‘‘۔ انہوں نے کہا’’ بانڈی پورہ ضلع اسپتال سے ہمیں32نمونے موصول ہوئے جن میں 4مثبت قرار دئے گئے جبکہ 28کی رپورٹ منفی آئی۔ فاروق جان نے بتایا ’’ 4مریضوں میں سے 2کا تعلق گنڈ قیصر، 1گنڈ جہانگیر اور ایک کا تعلق بٹہ گھاٹ  اوربٹہ کوٹ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گاندربل سے کل35نمونے موصول ہوئے تھے جن میں سے 1مثبت قرار دیا گیا  جبکہ34نمونوں کی رپورٹ منفی آئی ۔ڈاکٹر جان نے بتایا ’’گاندربل کے20سالہ نوجوان نے حالیہ دنوں دلی کا سفر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بڈگام سے23نمونے موصول ہوئے تھے جو سبھی منفی قرار دئے گئے۔انہوں نے کہا کہ 2مریضوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے کیونکہ صحتیاب ہونے کے بعد 24گھنٹوں میں ان کے دونوں ٹیسٹوں کی رپورٹیں منفی آئیں۔ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ عوامی رابطہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار میںبتایا گیا ہے کہ ابتک کل 384 مشتبہ مریضوں کا داخلہ کیا گیا ہے جن میں سے 330مریضوں کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جبکہ 13مثبت قرار دئے گئے مریضوں کو گھر بھیجا گیا  جبکہ 12کو جے وی سی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا ۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ آئیسولیشن وارڈوں میں ابھی بھی22مریض زیر علاج ہیں۔ ابتک لیبارٹری میں کل2340نمونوں کی تشخیص کی گئی  جن میں سے2176کو منفی قرار دیا گیا جبکہ164مریضوں کی رپورٹ مثبت قرار دی گئی ۔ 

سی ڈی اسپتال

 گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کشمیر عظمی کو بتایا’’پچھلے 24گھنٹوں میںکل279نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں276منفی قرار دئے گئے جبکہ 3کی رپورٹ مثبت آئی ۔ انہوں نے کہا’’92نمونوں کی تشخیص کا عمل جاری ہے جبکہ جمعہ کومزید 80نمونے موصول ہوئے ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’مثبت قرار دئے گئے تین میں سے ایک بڈگام اور 2کا تعلق سرینگر سے ہے اور یہ بدھ کو مثبت قرار دی گئی لڑکی کا باپ اور بہن ہے۔رعناواری اسپتال میںکورونا وائرس بیماری کیلئے بطور نوڈل آفیسر تعینات ڈاکٹر بلقیس نے بتایا ’’ زکورہ قرنطینہ مرکز میں رکھے گئے مشتبہ مریضوں میں2کی رپورٹ مثبت آئی ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’نواکدل سرینگر کی ایک 6سالہ بچی کی رپورٹ  بدھ کو مثبت آئی تھی اور جمعرات کو اسکی 6سالہ جڑواں بہن اور باپ کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔ بدھ کوسی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں مزید 3مشتبہ مریضوں کو داخل کیا گیا ۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم ٹاک نے بتایا ’’ نئے 3مشتبہ مریض داخل ہوئے ہیں جبکہ قرنطینہ میں11مشتبہ افراد کو رکھا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ 26مثبت کورونا وائرس مریضوں میں سے 2کی موت ہوئی ہے، 13کو صحتیابی کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ہے جبکہ 10ابھی بھی آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں‘‘۔

حکومتی بیان

حکومت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے 14نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیںاور ان سبھی کا تعلق کشمیر  صوبے سے ہیںاوراس طرح جموںوکشمیر میں مثبت معاملات کی تعداد314تک پہنچ گئی ہے۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 314 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 272سرگرم معاملات ہیں ۔ 38مریض شفایاب ہوئے اور 4 0کی موت واقع ہوئی ہے ۔ علاوہ ازیں اب تک 58,076افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں 7,463 اَفراد کو ہوم کورنٹین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ265 اَفراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے۔272کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 29,366 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق20,706اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔اِس کے علاوہ آج سکمز صورہ سے 2مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد رخصت کیا گیا۔بلیٹن کے مطابق 16؍اپریل 2020ء کی شام تک 5,366 نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔بلیٹن کے مطابق ضلع سری نگر میں اب تک کورونا وائر س کے 78 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 65 سرگرم معاملات ہیں ۔12 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔اُدھر بانڈی پورہ میں اب تک 66 مثبت معاملات سامنے آئے ہی جن میں سے 54 سرگرم معاملات ہیں ، 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 42 ہوئی ہیں جن میں سے 41سرگرم معاملات ہیں اور ایک مریض کی موت واقع ہوئی ہے۔اِدھر بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد اب تک 12ہوئی ہیںجن میں سے 9سرگرم ہیں اور3صحتیاب ہوئے ہیں ۔پلوامہ ضلع میں کووِڈ ۔19کے تین معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں دو سرگرم ہیں اور ایک صحتیاب ہوا ہے ۔ضلع شوپیان میں 14 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 12 سرگرم ہیں اور دو صحتیا ب ہوئے ہیںجبکہ کپواڑہ میں 25مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں اور سبھی کے سبھی سرگرم معاملات ہیں ۔ اسی طرح گاندربل اور کولگام میں بالترتیب 14اور 5 مثبت معاملات پائے گئے ہیںاور اننت ناگ میں ایک مثبت معاملہ سامنے آیا ہے۔اسی طرح  جموں میں وائر س کے 26مثبت معاملات پائے گئے ہیں جن میں 23سرگرم ہیں اور تین شفایاب ہوئے ہیں۔اودھمپور ضلع میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 20 ہوئی ہیں جن میں سے 15معاملات سرگرم ہیں۔ چار صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔دریں اثنأ راجوری ضلع میں کورونا کے اب تک تین مریض پائے گئے ہیں جن میں دو سرگرم ہیں اور ایک صحتیاب ہوا ہے جبکہ سانبہ میں 04 مثبت معاملے کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ سب سرگرم معاملات ہیں اور کشتواڑ میں سامنے آیا ایک معاملہ پوری طرح سے صحتیاب ہوا ہے۔بلیٹن میںکہا گیاہے کہ یہ ترتیب اُن ضلعوں کی ہے جہاں سے مریضوں کا پتہ لگا ہے یا جہاں وہ عارضی طور پر رہائش پذیر ہے۔
 
 

بانڈی پورہ میں متاثرین کی تعداد66پہنچی 

عازم جان 
 
بانڈی پورہ //ضلع بانڈی پورہ میںمزید 10مشتبہ مریضوں کی رپورٹیںمثبت قرار دی گئی ہیں اور اس طرح ضلع میں کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 66 تک پہنچ گئی ہے جبکہ دس کورونا وائرس مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد جمعرات کو گھر جانے کی اجازت دی گئی ۔ضلع بانڈی پورہ کے گنڈ جہانگیر گائوں میں بدھ اور جمعرات کو مزید 2کیس سامنے آئے۔ جمعرات کو جو 10 مثبت مریض قرار دئے گئے، ان میں گنڈ جہانگیر کا بھی ایک کیس تھا جبکہ گنڈ جہانگیر سے متصل گائوں نائد کھے کے6،گنڈ قیصر کے 2، بٹہ گھاٹ اوربٹہ کوٹ کے دو کیس شامل ہیں۔ ضلع بانڈی پورہ کے 24قرنطینہ مراکز میں 450افراد کو زیر نگرانی رکھا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں کل  12ریڈزون ہیں جن کی آبادی 48,969 ہے۔بانڈی پورہ میں ابھی بھی 44رپورٹوں کا انتظار ہے۔
 
 

کنگن کا روپوش مریض

پولیس کے ہاتھوں گرفتار،رابطے میں آئے 22افراد کاقرنطینہ

غلام نبی رینہ
 
سرینگر //مامر کنگن میں ضلع انتظامیہ نے  روپوش ہوئے کورونا کے ایک مثبت شخص کو گرفتار کرکے قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا ہے۔ ایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’مامر کنگن کے ایک شخص کو دو مرتبہ 14دنوں کی قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد تیسری مرتبہ قرنطینہ مرکز منتقل کیا گیا جہاں اسکی رپورٹ مثبت آئی لیکن وہ قرنطینہ مرکز سے فرار ہوکر دوسرے علاقے میں چھپ گیا ‘‘۔ ایس ڈی ایم نے بتایا ’’ مذکورہ شخص پچھلے 22دنوں تک مقامی مسجد میں بطور امام اپنے فرائض انجام دے رہا تھا اور سینکڑوں بچوں کو دینی تعلیم فراہم کررہا تھا۔ حکیم تنویر نے بتایا ’’مذکورہ شخص، جس کنبے میں قیام پذیر تھا، اس کنبے کے 22افراد کو بھی قرنطینہ مرکز منتقل کیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے میں چھڑکائو کا کام جمعہ کو شروع کیا جائیگا جبکہ ریڈزون قرار دینے کا فیصلہ بھی کل ہی کیا جائے گا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع گاندربل میں ابتک 14افراد کورونا وائرس کی بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں اور یہ تمام مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔