کورونا وائرس؛ وادی میں300کا ہندسہ پار

سرینگر // جموں کشمیر میںکورونا وائرس کا پھیلائو بدستور جاری ہے لیکن جموں کے مقابلے میں وادی کشمیر میں بہت زیادہ کیس سامنے آرہے ہیں۔جموں کشمیر میں سوموار کو مزید14نمونے مثبت آئے جو سبھی کشمیر صوبے سے تعلق رکھتے تھے۔اس طرح یونین ٹریٹری میں کورونا متاثرین کی تعداد368پہنچ گئی ہے، جن میں 55کا تعلق جموں جبکہ کشمیر میںیہ تعداد313تک پہنچ گئی ہے۔ریاستی سرکار کے ترجمان روہت کنسل نے اپنے ٹیوٹ میں لکھا’’14مثبت آئے، سبھی کشمیر سے ہیں‘‘۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے14مریضوں میں سے9 سکمز صورہ جبکہ5کی سی ڈی اسپتال قائم لیبارٹری سے رپورٹ مثبت آئی ہے۔اس دوران18مثبت قرار دیئے گئے مریض صحتیاب ہوئے ہیں جن میں سکمز میں زیر علاج 6، جے وی سی میں 3، سی ڈی اسپتال میں 2اور ضلع اسپتال بارہمولہ میں 7مریض گھروں کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔

سی ڈی اسپتال

 گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’19اپریل کی شام5بجے سے 20اپریل شام 5بجے تک 24گھنٹوں کے دوران کل236نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں231منفی قرار دئے گئے جبکہ5کی رپورٹ مثبت آئی‘‘ ۔ انہوں نے کہا’’80نمونوں کی تشخیص کا عمل جاری ہے جبکہ مزید265نمونے موصول ہوئے ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’مثبت قرار دئے گئے سبھی مریضوں کے نمونے اننت ناگ سے ہیں اور انکے نمونے جی ایم سی اننت ناگ سے موصول ہوئے تھے۔ادھر سی ڈی اسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم ٹاک نے بتایا کہ سی ڈی اسپتال میں مزید3مشتبہ مریض داخل ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ 26مثبت کورونا وائرس مریضوں میں سے 2کی موت ہوئی ہے، 13کو صحتیابی کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ہے جبکہ 10ابھی بھی آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج ہیں‘‘۔

سکمز

سکمز صورہ میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کل212نمونوں کی تشخیص کی گئی جن میں9مثبت قرار دئے گئے جبکہ 203کی رپورٹ منفی آئی ‘‘۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بتایا ’’سوموار کو کل476نمونے موصول ہوئے ، 212کی تشخیصی ہوئی‘‘۔ انہوں نے کہا’’212نمونوں میں سے 203منفی جبکہ9مثبت قرار دئے گئے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’9مریضوں میں سے 7 بانڈی پورہ ،جن میں تین بھائی بھی شامل ہیں، جبکہ 2کا تعلق شاہ مقام ولی کپوارہ سے ہے ۔ڈاکٹر جان نے بتایا کہ ان میں سے کسی نے سفر نہیں کیا ہے لیکن یہ کورونا وائرس مریضوں کے رابطے میں آئے ہیں۔ ڈاکٹر جان نے بتایا کہ  264 نمونے ابھی زیر تشخیص ہیں۔ ڈاکٹر جان نے بتایا کہ سوموار کو مزید 6مریضوں کو گھر روانہ کیا گیا جن میں بانڈی پورہ  کے4، بڈگام کا ایک اورکپوارہ کا ایک مریض شامل ہے ۔شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ کے شعبہ عوامی رابطہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار میںبتایا گیا ہے کہ ابتک کل389مشتبہ مریضوں کا داخلہ کیا گیا ،جن میں سے 336مریضوں کو قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جبکہ23مثبت قرار دئے گئے مریضوں کو گھر بھیجا گیا ہے جبکہ 12کو جے وی سی اسپتال بمنہ منتقل کیا گیا ۔ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ آئیسولیشن وارڈوں میں ابھی بھی 12مریض زیر علاج ہیں۔ ابتک لیبارٹری میں کل4049نمونوں کی تشخیص کی گئی ہے جن میں سے3585کو منفی قرار دیا گیا ہے جبکہ200مریضوں کی رپورٹ قرار دی گئی ہے۔ 

سرکاری بیان

حکومت نے کہا ہے کہ آج کورونا وائرس کے 18نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیںاور ان سبھی کا تعلق کشمیر صوبے سے ہیں۱وراس طرح جموںوکشمیر میں مثبت معاملات کی تعداد368تک پہنچ گئی ہے۔حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 368 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 292سرگرم معاملات ہیں ۔ 71مریض شفایاب ہوئے اور 5 0کی موت واقع ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ آج مزید 15مریض صحتیاب ہوئے ہیں جن میںسے 7کو جی ایم سی بارہمولہ ،06سکمز صورہ اور 02کوچسٹ ڈیزیز ہسپتال سری نگر سے رخصت کیا گیا۔علاوہ ازیں اب تک 61,774افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ ان میں 6,463 اَفراد کو ہوم کورنٹین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ229 اَفراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے۔292کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 20,115 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق34,670اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔بلیٹن کے مطابق 20؍اپریل 2020ء کی شام تک ,244 8نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔بلیٹن کے مطابق ضلع بانڈی پورہ میں اب تک 91 مثبت معاملات سامنے آئے ہی جن میں سے 74 سرگرم معاملات ہیں ، 16 مریض صحتیاب ہوئے ہیںجبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔اُدھر سری نگر میں اب تک کورونا وائرس کے 79 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 54 سرگرم معاملات ہیں ۔24 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ01 کی موت واقع ہوئی ہے۔ضلع بارہمولہ میں اب تک کورونامریضوں کی تعداد 44 ہوئی ہیں جن میں سے 41سرگرم معاملات ہیں اوردومریضوں کی موت واقع ہوئی ہیںاور ایک صحتیاب ہوا ہے ۔اِدھر بڈگام میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد اب تک 13ہوئی ہیںجن میں سے 5سرگرم ہیں اور08اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔پلوامہ ضلع میں کووِڈ ۔19کے 3 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جن میں دو سرگرم ہیں اور ایک صحتیاب ہوا ہے ۔ضلع شوپیان میں 22 مثبت معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 20 سرگرم ہیں اور دو صحتیا ب ہوئے ہیںجبکہ کپواڑہ میں 33مثبت معاملات درج کئے گئے ہیں اور 27 سرگرم معاملات ہیں اور6صحتیاب ہوئے ہیں۔ اسی طرح گاندربل اور کولگام میں بالترتیب 14اور 6 مثبت معاملات پائے گئے ہیںاور اننت ناگ میں 08 مثبت معاملے سامنے آئے ہیں۔اسی طرح  جموں میں وائر س کے 26مثبت معاملات پائے گئے ہیں جن میں 22سرگرم ہیں اور 4 شفایاب ہوئے ہیں۔اودھمپور ضلع میں اب تک کورونا مریضوں کی کُل تعداد 20 ہوئی ہیں جن میں سے 14معاملات سرگرم ہیں۔ 5صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔دریں اثنأ راجوری ضلع میں کورونا کے اب تک 4 مریض پائے گئے ہیںجس میں ایک سرگرم اور تین صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ سانبہ میں 04 مثبت معاملے کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ سب سرگرم معاملات ہیں اور کشتواڑ میں سامنے آیا ایک معاملہ پوری طرح سے صحتیاب ہوا ہے۔