کورونا لاک ڈائون کا دوسرا دن

 سرینگر//حکومت نے جموں کشمیر کے  4 اضلاع میں 6 مئی صبح 6 بجے تک موجودہ’ کورونا لاک ڈائون‘ میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس دوران جموں کشمیر کے 20اضلاع میں ’ کورونا لاک ڈائون‘ کے دوسرے دن مکمل سناٹا چھایا رہا۔ مکمل بندشوں اور امتناعی احکامات کے نتیجے میں زندگی کی رفتار مزید تھم گئی۔لاک ڈائون کی خلاف ورزی کی پاداش میں پولیس نے24گھنٹوں کے دوران 26کیس درج کرکے40افراد کی گرفتاری عمل میں لائی۔

 لاک ڈائون میں توسیع

 حکومت نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’3مئی 2021 پیر کی صبح 7 بجے ختم ہونے والے کورونا کرفیو میں سرینگر ، بارہمولہ ، بڈگام اور جموں کے 4 اضلاع میں 6 مئی جمعرات کی صبح 7 بجے تک توسیع دی گئی ہے‘‘،حکومت نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا’’ جموں وکشمیر کے تمام 20 اضلاع بشمول (ان چار اضلاع) کی تمام میونسپل ،شہری و بلدیاتی حدود میں رات کے وقت کورونا کرفیو جاری رہے گا،شبانہ کرفیو شام 8 بجے سے صبح 7 بجے تک نافذ رہے گا۔ سرکار کا کہنا تھا کہ جب کرفیو نہیں ہوگا تو دوسری پابندیاں پہلے کی طرح جاری رہے گی۔ 84 گھنٹے کا کورونا کرفیو جمعرات کے صبح 7 بجے سے شروع ہوا اور پیر کو صبح 7 بجے تمام اضلاع میں اختتام پذیر ہونا تھا۔

 لاک ڈائون

جمعرات شام سے جاری بندشوں کے بیچ  ہفتہ کو بھی پورے جموں کشمیر میں ہرسو سناٹا،اضطرابی ماحول اور غیر یقینی کیفیت نظر آئی۔سرینگر شہر میںٹی آر سی سے لیکر گھنٹہ گھر اور ہری سنگھ ہائی اسٹڑیٹ تک سڑکوں پر آدم نہ آدم زاد نظر آرہے تھے جبکہ وقفہ وقفہ کے بعد صرف فورسز اور پولیس کی گاڑیاں ہی دوڑتی ہوئی نظر آرہی تھیں۔ یہی صورتحال جموں شہر کی تھی جہاں مکمل طور پر سناٹا رہا۔سرینگر اور جموں شہروں کے علاوہ اننت ناگ، بارہمولہ، شوپیان، پلوامہ، بانڈی پورہ، بڈگام، ادہمپور، رام بن، بٹوت، کھٹوعہ، سانبہ، راجوری ، پونچھ ، ڈوڈہ، کشتواڑ اور ریاسی کے علاوہ دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہر طرح کی نقل و حرکت بند رہی۔سڑکوں کی ناکہ بندی کی گئی تھی اور جگہ جگہ کھار دار تاریں نصب کرکے ٹریفک کی نقل و حمل کو بندکردیا تھا۔

پولیس کارروائی

پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزی کی پاداش میں گزشتہ24  گھنٹوں کے دوران40افراد ی کی گرفتاری عمل میں لائی،جبکہ26کیسوں کا اندراج عمل میں لایا گیا۔ پولیس نے کرونا  معیاری عملیاتی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی پاداش میں335افراد سے51ہزار270 روپے کا جرمانہ وصول کیا۔ پولیس نے11گاڑیوں اور 4 موٹر سائکلوں کو بھی ضبط کیا۔