کورونا قہر | درگجن ہسپتال میں زیرعلاج مزید5مریضوںکی رپورٹ منفی

 سرینگر //سرینگر کے سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں زیر علاج 18کورونا وائرس مریضوں میں سے مزید 5کی رپورٹیں منفی آئی ہے اور اسطرح پچھلے تین دنوں کے دوران سی ڈی اسپتال سرینگر میں 7کورونا وائرس مریض صحتباب ہوگئے ہیں ۔سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر نے اپنے ٹیوٹ میں لکھا ’’ مزید خوشخبری ،سنیچر کو مزید 5کورونا وائرس مریضوں کی دوسری رپورٹ منفی آئی ہے اور قرنطینہ مدت مکمل ہونے کے بعد ہی انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ڈاکٹر نوید نذیر کے ٹیوٹ کے فورا بعد ڈی سی سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے اپنے ٹیوٹ میں لکھا ’’ 7کورونا وائرس مریض بہترین طریقے سے صحتیاب ہورہے ہیں ، سامنے اُمید دکھائی دے رہی ہے‘‘۔ انہوں نے اپنی تحریر میں مزید لکھا ’’مہر بانی کرکے کورونا وائرس مریضوں کے رابطوں، سرولنس اور قرنطنہ میں تعاون کریں‘‘۔ سی ڈی اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں 20کورونا وائرس مریض داخل تھے جن میں دو کی رپورٹ جمعہ کو منفی آئی تھی جبکہ5کی رپورٹ سنیچر کو منفی آئی ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے ترجمان ڈاکٹر محمد سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ بتایا ’’ 18کورونا وائرس مریضوں میں سے 7کی دوسری رپورٹ منفی آئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ 2کی رپورٹ جمعہ کو منفی آئی تھی جبکہ 5کی دوسری رپورٹ آج منفی آئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹیں منفی آنے کے بعد ان مریضوں کو گھر وں میں ہی نگرانی میں رکھنے کی ضرورت ہے لیکن اسپتال سے انکی رخصتی کا حتمی فیصلہ ریاستی سرکار ہی لے گی۔  یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں  92کورونا وائرس مریضوں میں سے 71کا تعلق کشمیر صوبے سے ہیں جبکہ 21کا تعلق جموں صوبے سے ہے۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے 71مریضوں میں سے 8صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ 2کی موت واقع ہوگئی ہے اور اس طرح کشمیر میں موجودہ کورونا وائرس مریضوں کی تعداد 61رہ گئی ہے جبکہ جموں صوبے میں 21کورونا وائرس مریضوں میں سے 2صحتیاب ہوگئے جبکہ 19کورونا وائرس مریض ابھی بھی اسپتالوں میں زیر علاج ہے۔