کورونا سے تحفظ: نرسوں کی درخواست پر سپریم کورٹ کا فیصلہ

نئی دہلی//سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کے علاج میں مصروف محکمہ صحت ملازمین کیلئے ’ نیشنل کووڈ -19 مینجمنٹ پروٹوکول’ کے قیام سے متعلق ایک پٹیشن کا بدھ کو تصفیہ کر دیا۔جسٹس این وی رمن، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس بی آر گوئی کی بنچ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سماعت کرتے ہوئے یونائیٹڈ نرسز ایسوسی ایشن ( یواین اے ) کی جانب سے دائر پٹیشن کا تصفیہ اس وقت کیا جب سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے کورٹ کے سامنے کہا، مرکزی حکومت نرسوں اور طبی اسٹاف کی کورونا وائرس سے تحفظ سے متعلق شکایات کی سماعت کے لئے ایک ہیلپ لائن نمبر جاری کرے گی، جس پر شکایت ملتے ہی دو گھنٹے میں اس کا تدارک کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت خود ہی صحت ملازمین کی سیکورٹی کے حوالہ سے مختلف طرح کے اقدامات کر رہی ہے ۔عرضی میں کہا گیا تھا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر صحت ورکرز کے حقوق ، کردار اور ذمہ داریوں کے حوالہ سے ایک ‘عبوری خطوط رہنمائی’ جاری کیا ہے ، لیکن ہندوستان سرکار ابھی تک نیشنل پروٹوکول تیار کرنے میں ناکام رہی ہے ۔درخواست گزار نے ملک میں ‘پرائیویٹ پروٹیکشن اکیوپمنٹ (پی پی ای)کی کمی اور انفیکشن کی روک تھام اور کنٹرول پر تربیت کی کمی نے فرنٹ لائن طبی عملہ کی صحت پر سنگین خطرات کو اجاگر کیا تھا، جس میں مختلف ریاستوں کے ڈاکٹروں سمیت 50 سے زائد ہیلتھ ملازمین کووڈ -19 سے متاثر پائے گئے ہیں۔  درخواست گزار نے مرکزی حکومت کو اس بات کا یقینی بنانے کی ہدایت کرنے کی کورٹ سے درخواست کی تھی کہ کووڈ -19 سیکورٹی کٹ آئسو لیشن وارڈوں میں کام کرنے والے ہر ایک ملازمین کو فراہم کرائی جائے ، کیونکہ یہ کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کے ارد گرد رہنے کے سبب انفیکشن کے نکتہ نظر سے زیادہ غیر محفوظ ہوتے ہیں۔ درخواست گزار نے ‘وزیر اعظم غریب کلیان پیکج’ کے تحت ذاتی حادثے انشورنس کے دائرے میں مستقل یاایڈہاک بنیاد پر تمام ملازمین کو لانے کے لئے حکومت کو ہدایت دینے کی کورٹ سے درخواست کی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ لوگوں کے علاج کے دوران نرسوں کے کورونا وائرس کی زد میں آنے کا اندیشہ رہتا ہے لہٰذا انہیں کورونا وائرس سے تحفظ سے متعلق تمام ضروری چیزیں مہیا کرائی جائے ، ان کے خاندان کو کورونا سے بچاوکے تمام ذرائع دستیاب کرایا جائے ، گھر سے اسپتال آنے جانے کے لئے الگ سے گاڑی کا انتظام کروایا جائے ، اسپتال کے نزدیک ہی ان کے ٹھہرنے کا انتظام کیا جائے ، ساتھ ہی اور کئی مانگیں درخواست میں کی گئی تھیں۔