جموں//کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیس عملے کے کنبوں کی بہبودی یقینی بنانی ہو گی جو 24 گھنٹے اپنے فرایض منصبی انجام دیتے ہیں ۔ یہ پولیس عملہ کورنٹین مراکز کی نگرانی ، لاک ڈاؤن کو سختی سے عملی جامہ پہنانے ، سول انتظامیہ کو اشیائے ضروریہ کی ٹرانسپورٹیشن میں مدد کرنے ، محکمہ صحت کو مشتبہ افراد کی نشاندہی کرنے اور عوام الناس کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ اس کے علاوہ پولیس محکمے نے تمام پریشان حال شہریوں کو ٹیلی فون سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہیلپ لائینز قائم کئے ہیں ۔ اس صورتحال میں پولیس عملے کو اپنی ڈیوٹی سے اضافی گھنٹوں تک اپنے فرایض انجام دینے پڑتے ہیں اور اس طرح سے وہ اپنے کنبوں سے بہت دیر تک دور رہتے ہیں ۔ ان کنبوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام یونٹوں کے سربراہان نے مختلف پولیس کالونیوں میں اشیائے ضروریہ کی سپلائی فراہم کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں ۔ پولیس تربیتی مراکز میں کورنٹین مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں تا کہ کورونا وائیرس مریضوں کے ساتھ رابطے میں آنے والے پولیس عملے کو الگ تھلگ رکھا جا سکے ۔ پولیس ہسپتال سرینگر اور جموں میں بھی ہیلپ لائینز قائم کئے گئے ہیں تا کہ پولیس عملہ اور اُن کے کنبے کسی بھی مشکل صورتحال میں آپس میں رابطہ کر سکیں ۔ جے اینڈ کے ہائی کورٹ نے اس سلسلے میں حکومت کو پولیس عملے کے کنبوں کی ضروریات کا بھر پور خیال رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔ تمام ضلع ایس ایس پیز /کمانڈنٹس اے پی /آئی آر بٹالینز اور دیگر یونٹ سربراہان نے اپنے اپنے یونٹوں میں نوڈل آفیسر نامزد کئے ہیں ۔ بمنہ ، زیون سرینگر اور چھنی ہمت اور گلشن گراؤنڈ جموں میں پولیس کالونیوں کے اسٹیٹ افسروں کو ان کالونیوں کیلئے بطور نوڈل افسر نامزد کیا گیا ہے ۔ ان نوڈل افسران کو کالونی میں رہنے والے کنبوں کیلئے ضروری سپلائی یقینی بنانے کیلئے ہدایات دی گئی ہیں ۔ اے ڈی جی پی سی آئی ڈی ، آرمڈ ، ریلویز جے اینڈ کے ، آئی جی پی سیکورٹی ، ڈائریکٹر ایس ایس جی ، ڈائریکٹر ایس کے پی اے اودھمپور ، آئی جی پی جموں ، کشمیر ، ٹریفک ، کرائم و دیگر اعلیٰ افسران کو ان ہدایات کو عملانے کیلئے کہا گیا ہے ۔
کوروناوائرس کی روکتھام | پولیس اہلکاروں کے کنبوں کی بہبودی کویقینی بنایا جارہا ہے
